جماعت اسلامی بلوچستان کا دو روزہ خصوصی تربیتی اجتماع آج سے سبی میں شروع ہوگا،

سبی اجتماع کی تیاریاں مکمل ،شہر میں استقبالیہ بینرزبھی لگائے گئے، اجتماع سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق ،لیاقت بلوچ بھی خطاب کریں گے

جمعرات 29 جنوری 2015 20:34

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی بلوچستان کا دو روزہ خصوصی تربیتی اجتماع آج جمعہ سے سبی میں شروع ہورہا ہے ناظم اجتماع بشیر احمدماندائی کے مطابق سبی اجتماع کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور شہر میں استقبالیہ بینرزبھی لگائے گئے ہیں اس اجتماع سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق ،لیاقت بلوچ بھی خطاب کریں گے جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر عبدالمتین اخوندذادہ کی صدارت میں ہونے والے اس تربیتی اجتماع کا آغاز درس قرآن سے ہوگا اور درس قرآن ممتاز محدث شیخ القرآن جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر مولانا عبدالحق ہاشمی دیں گے ان کے درس قرآن کے بعد معاشرے میں عدل اور انصاف کے نظام کے قیام اور ملک میں اسلامی تبدیلی لانے کے لیے تربیتی اجتماع میں”اسلامی طرز زندگی مضبوط و پاکیزہ خاندان کے ذریعے “کے موضوع پر پروفیسر مولانا عبد الخالق مندو خیل ایک خصوصی لیکچر دیں گے خاندان کے نظام کو بہتر اور مضبوط بنا کر مستحکم اور خوشحال معاشرے کی تشکیل اس لیکچر کا اہم موضوع ہوگاتربیتی اجتماع کے پہلے دن بعدنماز مغرب اجتماع ارکان بھی ہوگااور پہلے دن ہی عشاء کی نمازکے بعد نوبجے شعراء وادیبوں کیلئے نعتیہ مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سبی میں ہونے والے دوروزہ اجتماع کے بعد تیسرے دن یکم فروری اتوار کو بلوچستان کے سیاسی حالات کاجائزہ اور مسائل کے قابل عمل حل کی تجاویز اور سفارشات تیار کرنے کے لیے سبی کے تاریخی جرگہ ہال میں” گرینڈ قومی قبائلی جرگہ“ بھی ہوگا جس میں بلوچستان کے دیرینہ سلگتے مسائل کے بہترین حل پرمشاورت لائحہ عمل منصوبہ بندی ولائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے اس گرینڈ قبائلی جرگہ میں شرکت کے لیے صوبے کے اہم ممتاز قبائلی رہنماؤں‘ سیاسی قائدین اور علماء کرام کو دعوت نامے ہیں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق اس جرگے سے خصوصی خطاب کریں گے