چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تبادلوں کے سال کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ،

پاکستان اور چین کے درمیان قیادت کی سطح پر دورے، عوامی روابط، ثقافتی تعاون اور تجارتی حجم میں اضافہ ہوا ہے ، پاکستانی سفیر

جمعرات 29 جنوری 2015 21:55

چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تبادلوں کے سال کا باقاعدہ آغاز کردیا ..

بیجنگ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تبادلوں کے سال کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا چین کے نائب صدر لی یان چاؤ کے علاوہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کے زیر قیادت پاکستان کے پارلیمنٹیرینز کے وفد نے دوستانہ تبادلوں کے سال کے سلسلہ میں ہونے والی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔دونوں ملکوں کے درمیان سال رواں کے دوران ایسی ہی کئی دیگر تقاریب کا انعقاد کیا جائیگااس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قیادت کی سطح پر دورے، عوامی روابط، ثقافتی تعاون اور تجارتی حجم میں اضافہ ہوا ہے اور سال 2015ء میں باہمی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے چین کے نائب صدر، پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور بیرونی ممالک کے ساتھ چین کی پیپلز ایسوسی ایشن آف فرینڈشپ کی جانب سے تقریب میں شرکت اور اسے منظم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں چینی حکام اور شخصیات کے علاوہ سفارتکاروں اور پاکستان کمیونٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جہاں ان کیلئے کلچرل شو کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ استقبالیہ میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے علاوہ پاکستانی وفد میں شامل اراکین قومی اسمبلی آفتاب احمد خان شیرپاؤ، احسان الرحمان مزاری، سراج محمد خان، ڈاکٹر فاروق ستار، محمد افضل خان، ناصر اقبال بوسال، اظہر قیوم ناہرہ، خلیل جارج اور آسیہ ناز تنولی نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :