کارکنوں کی لاشیں گرتی رہیں تو ردعمل بھی آ سکتا ہے: الطاف حسین

جمعرات 29 جنوری 2015 22:28

کارکنوں کی لاشیں گرتی رہیں تو ردعمل بھی آ سکتا ہے: الطاف حسین

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29جنوری۔2015ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن میں ماورائے عدالت قتل ہو رہے ہیں، یونہی لاشیں گرتی رہیں تو ردعمل بھی آ سکتا ہے۔ حیدر آباد یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد پارٹی سے الگ ہو جاؤں گا۔الطاف حسین کی جانب سے پارٹی سے علیحدگی کے اعلان کے بعد متحدہ کے کارکنوں کی بڑی تعداد نائن زیرو مرکز پہنچ گئی۔

پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ کارکنوں کو ہمیشہ حب الوطنی کا درس دیا لیکن اگر اسی طرح لاشیں گرتی رہیں تو کارکنوں کا دماغ بھی گھوم سکتا ہے۔ ایم کیوایم کے قائد نے کہا کہ کراچی آپریشن میں ماورائے عدالت قتل ہو رہے ہیں۔ جن پر الزام ہے انہیں پکڑیں لیکن مارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں ایم کیو ایم اچھی ہے مگر الطاف حسین کے بغیر، آج آخری خطاب کے بعد پارٹی سے الگ ہو جاؤں گا۔

الطاف حسین کے اعلان کے جواب میں کارکنوں نے رہبر، رہبر، الطاف حسین رہبر ، کے نعرے لگائے۔ الطاف حسین نے کہا سہیل احمد قتل ہو گیا، شہدا قبرستان بن گیا لیکن ایم کیو ایم کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ ٹرائیکا بنا ہوا ہے کہ مال بناؤ اور متحدہ کے کارکنوں کو ٹھکانہ لگاؤ۔ الطاف حسین نے کہا کہ ان کی جدوجہد وڈیروں اور جاگیرداروں کے خلاف ہے۔