حافظ نعیم الرحمن کی غلام قادر تھیبو سے ملاقات /جماعت اسلامی کے کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ ،

پولیس ،رینجرز اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی موجودگی میں شہر ٹارگٹ کلرز ،بھتہ خوروں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے،حافظ نعیم الرحمن ، کراچی میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،تمام مجرموں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائیگی،غلام قادر تھیبو

جمعرات 29 جنوری 2015 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور کراچی میں امن و امان کی ابتر صورت حال بالخصوص جماعت اسلامی کے کارکنوں کے پے در پے شہادت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب ،نائب امیر مسلم پرویز ،ضلعی امراء یونس بارائی ،عبد الرزاق خان کے علاوہ راجہ عارف سلطان اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔

ملاقات کے موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے غلام قادر تھیبو کو بتایا کہ مختصر مدت میں جماعت اسلامی کے کارکن شمعون قیصر ،شایان یونس ،ارشد عرف عرشی ،فہیم انور اور شعیب ستار سمیت متعدد کارکنوں کو دن دہاڑے شہید کر دیا گیا اب تک کسی کے قاتل نہیں پکڑے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود شہر قاتلوں ،ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کی آماج گاہ بنا ہوا ہے کسی کی جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں ،شہر میں عملا خوف کا راج ہے ،عوام عدم تحفظ کے احساس کا شکار ہیں ،چھینا جھپٹی ،اغوا برائے تاوان اور لوٹ مار کے واقعات عام ہیں ایسے میں ماورائے عدالت قتل کی شکایا ت بھی سننے کو مل رہی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دنوں پختون برادری سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کے ایک وفد نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے ملاقات کی تھی اور انہیں پولیس کے ہاتھوں اپنے رشتہ داروں کے اغوا اور بعد ازاں قتل کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا جس پر ہم نے واضح طور پر یہ کہا تھا کہ اگر پولیس کو کسی شہری سے شکایت ہے تو اس کے خلاف قانونی چارا جوئی کی جائے اور عدالتی کاروائی کے تحت سزا دی جائے ماورائے عدالت قتل کی کسی بھی صورت تحسین نہیں کی جاسکتی ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں میں مذہبی اور سیاسی امتیاز نہ کیا جائے ،پولیس اہلکاروں سمیت سیاسی کارکنوں ،علماء ،ڈاکٹرز کے قاتلوں کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے مجرموں اور دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی ضرورت ہے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ فی الفور بند ہونا چاہیے اور لا پتہ افراد کو بازیاب کرانا چاہیے ۔

انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ۔غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ہم کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور تمام مجرموں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے گی ۔ملاقات کے موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے غلام قادر تھیبو کو بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کی چھ جلدوں پر مشتمل شہرہ آفاق تفسیر تفہیم القرآن بھی ہدیہ میں پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :