صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ہدف ہے،پرویزخٹک،

شانگلہ، ملاکنڈ اور ہزارہ سمیت بالائی اضلاع میں پن بجلی کے تمام چھوٹے بڑے بجلی گھروں پر کام تیز کردیا ہے اگلے دو مہینوں میں20 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائیگی،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 29 جنوری 2015 22:30

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ہمارا اولین ہدف ہے شانگلہ، ملاکنڈ اور ہزارہ سمیت بالائی اضلاع میں پن بجلی کے تمام چھوٹے بڑے بجلی گھروں پر کام تیز کردیا گیا ہے اگلے دو مہینوں میں20 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی تین دیگر منصوبوں پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے جلد مکمل ہونے والے چھوٹے بجلی گھروں سے دورافتادہ دیہات اور قصبوں کی بجلی کی ضروریات مکمل ہونگی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا مقامی سطح پر گھریلو صنعتوں اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور ماحولیاتی خوبصورتی بڑھے گی جو ہماری حکمت عملی کا حصہ ہے اسی طرح 84 میگاواٹ مٹلتان اور69 میگاواٹ لاوی پن بجلی گھروں پر بھی پیشرفت ہوئی ہے عدلیہ نے سوات وچترال میں ڈیڑھ سو میگاواٹ مجموعی پیداوار کے دونوں بڑے منصوبوں کی ری ٹینڈرگی کی منظوری دیدی ہے جو ہماری جیت ہے ان دونوں منصوبوں کو صوبائی حکومت 40 ارب روپے کی کثیر لاگت سے مکمل کرے گی اور انکی سستی بجلی سے مقامی صنعتوں کا قیام عمل میں لاکر معاشی سرگرمیوں اور روزگارکے مواقع پیدا ہونگے وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈاکٹر فتح مند خان کی زیرقیادت شانگلہ کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے مسلم لیگ( ن) کی مرکزی کونسل ممبر شپ سے مستعفی ہو کر اپنے ہزاروں حامیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور عمران خان کے تبدیلی کے وژن اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے پارٹی کاز کیلئے کسی بھی قربانی سے گریز نہ کرنے کے عہد کی تجدید کی ان میں مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر احمد فواد خان، ضلعی جائنٹ سیکرٹری ہدایت الله خان،الپوری سب ڈویژن کے صدر حسن زیب خان اور مسلم لیگ یوتھ ونگ ملاکنڈ کے جنرل سیکرٹری وقار احمدشامل تھے وقار احمد نے بتایا کہ شانگلہ پی کے 87 سے گزشتہ انتخابات میں ن لیگ کے اُمیدوار کی حیثیت سے ساڑھے 4 ہزار ووٹروں نے انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت پر مجبور کیا ہے اسلئے پی ٹی آئی اب شہروں سے نکل کر دیہات اور پہاڑوں کی چوٹیوں پر عوام کی ہر دلعزیز ملک گیر جماعت بن چکی ہے پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود بھی اس موقع پر موجو دتھے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی نظام کی تبدیلی، کرپشن کی بیخ کنی اور ہر جگہ میرٹ کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے میدان میں آئی ہے اس جماعت نے نہ صرف محکموں کو عوامی خدمت کے تابع بنادیا ہے بلکہ معاشرے میں ہر جگہ غریب اور امیر کو یکساں عزت اور حقوق کی فراہمی یقینی بنائے گی اور یہی وجہ ہے کہ اسکی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ شانگلہ میں گیارہ میگاواٹ کروڑہ پن بجلی گھر کی تعمیر سے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیداہونگے اور پورا شانگلہ ترقی کرے گااسی طرح صوبائی حکومت آبنوشی اور آبپاشی کی الگ الگ سکیمیں بھی شروع کر رہی ہے جس کا فائدہ اہل علاقہ کو ہو گا پرویز خٹک نے بجلی گھر کی رائلٹی علاقے کی ترقی پر خرچ کرنے سے متعلق کہا کہ یہ رائلٹی 10 فیصد مقرر کی گئی ہے جو اہل علاقہ کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی انہوں نے دورہ شانگلہ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب شانگلہ سمیت تمام دور افتادہ اضلاع کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی سکیموں کا بذات خود جائزہ لینگے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت وفاق سے پن بجلی کے منافع اور بقایا جات کی وصولی نہ ہونے پر اپنے حق کیلئے عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا جائزہ بھی لے رہی ہے جو مرکزی حکومت کیلئے لمحہ فکریہ بھی ہے انہوں نے وفد کی طرف سے لنک روڈزاور تعلیم وصحت سمیت مختلف شعبوں میں اہل علاقہ کی ضروریات کے مطابق مزید ٹھوس اقدامات کا یقین بھی دلایا۔

متعلقہ عنوان :