تعلیم کی بنیاد پر معیشت کے خدوخال ترتیب دینے کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر انوار ،

10کروڑ سے زائد نوجوانوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کاروباری ہنر اور تجربے سے ملکی ترقی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، چیئرمین پی سی ایس ٹی

جمعرات 29 جنوری 2015 22:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) پاکستان کونسل فار سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر انوار الحسن گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی اعلیٰ عہدے پر تقرری یا سول ایوارڈ کیلئے اُمیدوار کی تحقیقی کامیابیوں کی مستندمعلومات بھی پی سی ایس ٹی مہیا کر رہا ہے۔ اگر ہم پاکستان میں 25سال سے کم عمر 10کروڑ سے زائد نوجوانوں کی صلاحیتوں کوتعلیم کے ساتھ ساتھ کاروباری ہنر اور تجربے سے مہمیز کرپائیں تو ملکی ترقی میں کوئی امر مانع نہیں ہوگا۔

ترقی یافتہ ممالک میں تعلیم کی بنیاد پر معیشت کے خدوخال ترتیب دیئے جا رہے ہیں اور تیل کی دولت سے مالا مال سعودی عرب بھی اب ریسرچ و ڈویلپمنٹ پر کثیرسرمایہ کاری کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں نوجوان طلباء وطالبات کو منفردبزنس آئیڈیاز کے ساتھ کاروباری آغاز کی ترغیب و تربیت کیلئے ڈائس سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ڈاکٹر انوار الحسن گیلانی نے کہا کہ ان کا ادارہ ملک میں سائنس و ٹیکنالوجی کی پالیسی سازی میں کلیدی کردار ادا کر نے کے ساتھ ساتھ تحقیقی ماحول کو ریسرچ پراڈکٹیویٹی ایوارڈ اور دیگر حوصلہ افزاء اقدامات کے ذریعے فروغ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مثالی کامیابیوں پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خاں اور محققین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے ہر دور میں باصلاحیت افرادی قوت مہیا کی ہے یہی وجہ ہے کہ اندورن و بیرون ملک یونیورسٹی گریجوایٹس اہم اور کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ شہر کی جامعات کو ایک دوسرے کے تجربات و مشاہدات سے سیکھتے ہوئے ایک دوسرے کیلئے جگہ پیدا کرنا ہوگی ۔

انہوں نے ڈائس کو زبردست اور مثالی پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسکے ذریعے نوجوان طلباء وطالبات کواپنے بزنس آئیڈیاز کو عملی شکل تک لانے میں مضبوط بنیاد فراہم ہوگی جس سے علم کی بنیاد پر معیشت فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں شہر کی جامعات جوائنٹ ڈگری پروگرامز کے ساتھ ساتھ جوائنٹ پی ایچ ڈی سپروائزر اور جوائنٹ کانفرنس کے انعقاد میں بھی آگے بڑھیں گی جسے ملک کے دوسرے اضلاع میں بھی ایک روشن مثال کے طور پر پیش کیا جاسکے گا۔

ایوان صنعت وتجارت کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اکیڈیما وہاں کی انڈسٹری کومنفردآئیڈیازکے ساتھ آگے بڑھانے میں مدددیتی ہے لہٰذا انڈسٹری‘ اکیڈیما اور حکومت پر مبنی اس تکون کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایوان صنعت و تجارت میں یونیورسٹی سائنس دانوں کو دو کمیٹیوں میں شامل کیا۷گیا ہے اور وہ خود یونیورسٹی کی طرف سے ہر دعوت پرلبیک کہتے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یونیورسٹی انڈسٹری تعلق کو مضبوط بنانے میں ایوان صنعت و تجارت کس قدر پرعزم ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے صدارت جبکہ مہمانان اعزاز کے طورپر شرکت کی لانچنگ پروگرام میں فارمرز ایسوسی ایٹس کے آفاق ٹوانہ ‘ ایم پی اے ڈاکٹر نجمہ افضل نے خاص طور پر شرکت کی جبکہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر آصف علی‘ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹرمنیر احمد‘ڈاکٹر وسیم احمد‘ عثمان ظفر‘ ارسلان افضل اور سارہ منیر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :