سجاول ،ڈی سی آفس کے قریب رہائشی افراد کو گھر خالی کرنے کے نوٹس جاری کرنے پر سینکڑوں افراد کا ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج ،روڈ بلاک

جمعرات 29 جنوری 2015 22:58

سجاول (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) سجاول میں ڈی سی آفس کے قریب رہائشی افراد کو گھر خالی کرنے کے نوٹس جاری کرنے پرسینکڑوں افراد نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیکر سجاول ،حیدرآباد روڈ بلاک کردیا ۔رپورٹ کے مطابق سجاول ڈی سی آفس کے ساتھ رہائشی افراد کے سیکڑوں مرد و خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے لیکر ڈی سی آفس کے سامنے سجاول حیدرآباد روڈ کو بند کردیا اور ٹائر جلاکر احتجاج کیااور دھرنا دیکر بیٹھ گئے مظاہرین کا کہنا تھاکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے رات کونوٹس جاری کئے گئے ہیں جس میں انہیں ایک دن میں گھر خالی کرنے کا کہا گیاہے ،قربان ، عیسو ، عثمان ، مجید اور دیگرنے بتایاکہ چالیس سال سے یہاں رہائش پذیر ہیں اور محنت مزدوری کرکے اپنا پیٹ پالتے ہیں ڈی سی آفس کے قیام کے بعد سے انہیں پریشان کیاجارہاتھا تاہم گذشتہ روز انتظامیہ نے غیر قانونی قبضہ قرار دیکر ایک دن میں گھر خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ صرف پچیس گھروں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ ان کے بعد آباد ہونے والے اور ہوائی اڈے پر غیرقانونی قابضین کو نہیں اٹھایا جارہاہے جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہیں غریب اپنے بچوں کو اٹھاکر کہاں جائیں گے ،انہوں نے مطالبہ کیاکہ انہیں پریشان کرنے کے بجائے وہاں کے رہائشی سرٹیفکیٹ دیے جائیں، چار گھنٹے تک روڈ بلاک سے سجاول حیدرآباد روڈ پر سینکڑوں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، اور مسافروں کو پریشانی کا سامنہ کرناپڑا، جبکہ قیدیوں کی وین اور بینک کیش کی گاڑیاں بھی پھنس کر رہ گئیں، اور امن امان کا شدید مسئلہ پیدا ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔

(جاری ہے)

تاہم ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج اور عوامی پریشانی کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے ملنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی،بعدازاں مسافروں کے احتجاج کے بعد ڈی سی سجاول نے مظاہرین رہنماؤں کو اپنے آفس میں طلب کرکے بات چیت شروع کی ،جس کے بعد مظاہرین رہنماؤں نے روڈ کھلوایا، اس موقع پر ایس ایچ اواینٹی انکروچمنٹ ذوالفقار عباسی نے بتایاکہ بات چیت میں مظاہرین کو مہلت دیتے ہوئے انہیں متبادل جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ دوسری جانب مظاہرے میں شامل خواتین آسی ، حکیماں ، اور دیگرنے کہاکہ اگر انہیں بے گھر کرنے کی کوشش کی گئی تو مزید احتجاج کریں گی

متعلقہ عنوان :