کوئٹہ ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا سرکاری ہسپتالوں میں آفیسران کی عدم توجہی اور انا پرستی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے افسوس کا اظہار

جمعرات 29 جنوری 2015 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے بیان میں کوئٹہ شہر کے بعض سرکاری ہسپتالوں میں آفیسران کی عدم توجہی اور انا پرستی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ایک طرف بجلی اور گیس کی عدم فراہمی نے مریضوں کو پریشان کر رکھا ہے تو دوسری طرف انتظامی عدم توجہی اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

بینظیر ہسپتال میں جہاں ہر ہفتہ سینکڑوں مریضوں کا آپریشن ہوتا تھا،گزشتہ دومہینوں سے آپریشن کا سلسلہ،ایم ایس اور انستیزیسٹ کے ذاتی جھگڑے کی وجہ سے ایک بھی آپریشن نہیں ہواہے۔علاقے کے مریض شدید سردی میں ایم ایس اور انستیزیسٹ کے جھگڑے کی وجہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔حالانکہ ایم ایس کی ذمہ داری ہے کہ ہسپتال کے نظام کو ٹھیک کرکے مریضوں کو پریشانی سے نجات دلائیں۔

(جاری ہے)

لیکن وہ صرف بیرونی مریضوں کے معائنے کو اپنا کارنامہ قرار دینے کی کوشش کر رہی ہیں پارٹی نے محکمہ صحت کے حکام اور صحت کے صوبائی وزیر سے اپیل کیاہے کہ بینظیر ہسپتال کے ایم ایس اور انستیزیسٹ کے جھگڑے کا فوری نوٹس لیکر ہزاروں متاثرہ مریضوں کو مشکلات سے نجات دلائیں اور ہسپتال میں تمام ڈاکٹروں کی بروقت حاضری کو بھی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں