کاشتکار بھنڈی کی بروقت کاشت کیلئے زمین کی تیاری، بیج کے حصول ،دیگر کاشتی امور کی تیاری شروع کردیں، محکمہ زراعت پنجاب

جمعرات 29 جنوری 2015 23:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق بھنڈی توری ایک اہم سبزی ہے اور اس کی کاشت کا بہترین وقت وسط فروری تا آخر مارچ ہے۔ سبز پری بھنڈی توری کی منظور شدہ قسم ہے اور کاشتکار بھنڈی توری کی کاشت کیلئے منظور شدہ قسم کا انتخاب کریں۔ کاشتکار بھنڈی توری کی بروقت کاشت کیلئے زمین کی تیاری، بیج کے حصول اور دیگر کاشتی امور کی تیاری شروع کردیں۔

بھنڈی توری کو ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جاسکتا ہے تاہم زرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی زمین اس کی کاشت کیلئے موزوں ہے۔ کاشت سے قبل ہموار کھیت میں 20 تا 25 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ ڈالیں اور 2 سے 3 مرتبہ ہل چلا کر اسے زمین میں اچھی طرح ملا کر آبپاشی کریں اور وتر آنے پر دو مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین کو نرم اور بھربھرا کرلیں۔

(جاری ہے)

بھنڈی توری کی بوائی سے پہلے زمین تیار کرتے وقت تین بوری سنگل سپر فاسفیٹ، ایک بوری امونیم نائٹریٹ اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ استعمال کریں۔ بھنڈی توری کی کاشت کیلئے اچھے اُگاوٴ والا بیج 10 تا 12 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔ بھنڈی توری کی کاشت کیلئے تیار شدہ زمین میں پٹڑیاں بنائیں اور 75 سینٹی میٹر کے فاصلے پر بیج لگائیں۔ بیجائی کے فوراً بعد آبپاشی کریں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ پانی پٹڑیوں کے اوپر نہ چڑھے بلکہ صرف نمی بیج تک پہنچے۔ اس طرح زمین کرنڈ نہیں ہوتی اور بیج کا اُگاوٴ بھی اچھا ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :