حکومت نواز شریف کی قیادت میں بھرپور فعالیت کے ساتھ ملکی نظم و نسق چلا رہی ہے،شاہ محمد شاہ،

سابق آمر کی طرف سے آرمی چیف کو کردار ادا کرنے کی دعوت دے کر اپنی خواہشات بے نقاب کی جا رہی ہیں،سینئر نائب صدر (ن)لیگ سندھ

جمعرات 29 جنوری 2015 23:26

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں بھرپور فعالیت کے ساتھ ملکی نظم و نسق چلا رہی ہے․ سابق آمر کی طرف سے آرمی چیف کو کردار ادا کرنے کی دعوت دے کر اپنی خواہشات بے نقاب کی جا رہی ہیں جبکہ مسلح افواج اور منتخب سیاسی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں․ حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر صوبائی نائب صدر سید شاہ محمد شاہ ، سینئر صوبائی رہنما علی اکبر گجرنے پرویز مشرف کے ایک بیان کے جواب میں کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی کو کسی سیاسی جماعت کا بندہ قرار دے کر سابق آمر خود کو ملک کی تباہی اور معاشی بد حالی کے الزامات سے الگ نہیں کر سکتے․ دہشت گردوں کے خلا ف آپریشن میں تاخیر کے ذمہ دار اگر اشفاق پرویز کیانی تھے تو پرویزمشرف صدارت کے عہدے پر قبضہ کرکے کیوں خاموش بیٹھے ہوئے تھے․ مسلح افواج کے چیف کمانڈر اور صدر مملکت ہونے کے ناطے پرویز مشرف ملک کے سیاہ و سپید کے مالک تھے․ اپنے ساتھیوں کو ڈرپوک قرار دینے والا حکمران کبھی بہادر ہونے کا دعوی نہیں کر سکتا․ سابق آرمی چیف پر الزامات لگا کر پرویز مشرف قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے سابق چیف آف آرمی اسٹاف اشفاق پرویز کیانی کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں تاخیر کاذ مہ دار قرار دینے کے پرویز مشرف کے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد کمانڈو کے بیان نے ایک کمزور شخص کو بے نقاب کردیا ہے جو ملک کا صدر اور مسلح افواج کا سپریم کمانڈرہونے کے باوجود اپنے ہی منتخب آرمی چیف کے سامنے بے بس تھا․ جنرل اشفاق پرویز کو مدت ملازمت میں توسیع اور پاکستان میں اہم ترین ذمہ داریوں پر فائز کرنے کے تمام اختیارات پرویز مشرف کے پاس تھے جنہیں آج وہ ڈرپوک قرار دے رہے ہیں․ پاکستان کی موجودہ غیر مستحکم صورتحال کی تمام تر ذمہ داری پرویز مشرف کی بزدلانہ حکمرانی کی وجہ سے ہے جو درست وقت پر درست فیصلے کرنے کی صلاحیت سے قاصر تھے․ اگر جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی بزدل تھے اور کسی سیاسی جماعت کے بندے تھے تو انکے انتخابات کی ذمہ داری کس پر جاتی ہے ؟کس کے ہاتھوں انہیں پروموشن ملیں اور اعلی عہدے دئے گئے؟ پاکستان کے عوام بہت باشعور ہو چکے ہیں اور سابق آمر کی لن ترانیوں پر کان دھرنے کو تیار نہیں․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر صوبائی رہنما علی اکبر گجر نے کہا کہ سابق آمر کا ناکام طرز حکمرانی ملک میں امن و امان کی موجودہ تشویشناک صورتحال کا اصل سبب ہے․ آٹھ سال تک بلا شرکت غیرے ملک پر حکمرانی کرنے والے آمر اگر ملکی سلامتی اور امن و امان کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیتے تو ہماری حکومت اور مسلح افواج کو آپریشن کی طرف نہ جانا پڑتا اور ملک معاشی و اقتصادی ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہوتا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت بھرپور پارلیمانی قوت کے ساتھ ملک کی خدمت کر رہی ہے اور کہیں کوئی انتظامی خلا نہیں جس کی آڑ لے کر غیر آئینی اقدامات کو دعوت دی جا رہی ہے․ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے اصل ذمہ دار سابق آمر اور ان کی ناکام پالیسیاں ہیں جن کی وجہ سے پاکستان میں دہشت گردی اور لاقانونیت پروان چڑھی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت اور مسلح افواج اپنی بہترین صلاحیتیں استعمال کرتے ہوئے ملک و قوم کے سیکیورٹی چیلنجز سے چھٹکارہ دلانے کے مثالی کوششیں کر رہے ہیں اور انشا اللہ بہت جلد پاکستان میں مثالی امن اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا․