سلمان تاثیر قتل کیس کا ریکارڈ اٹارنی جنرل آفس سے پراسرارطورپرغائب ہوگیا

جمعہ 30 جنوری 2015 13:21

سلمان تاثیر قتل کیس کا ریکارڈ اٹارنی جنرل آفس سے پراسرارطورپرغائب ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری2015ء) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے مقدمے سے متعلق اہم ریکارڈ پراسرار طور پر اٹارنی جنرل آفس سے غائب ہوگیاجس کا انکشاف اُس وقت ہواجب اسلام آبادہائیکورٹ میں ممتازقادری کی اپیل سماعت کے لیے مقررہوئی ۔ غائب ہونیوالے ریکارڈ میں ممتاز قادری کی اپیل،ان کی سزا کا حکم، پولیس کی تفتیشی رپورٹس، جائے وقوع کا نقشہ، پوسٹ مارٹم رپورٹ، فرانزک ماہرین کی رپورٹ اور استغاثہ کے اہم نوٹس شامل تھے جو موجودہ ریکارڈ میں شامل نہیں ۔

ذرائع کے مطابق موجودہ ریکارڈ اکتوبر 2011 ءاور 2012ءمیں ہونے والی سماعت تک محدودہے،شاید کوئی ریکارڈ کوسٹڈی کے لیے لے کرگیا لیکن اب تک ریکارڈ روم کو واپس نہیں کیا۔ یادرہے کہ 27جنوری کو ممتازقادری کی اپیل کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی تھی لیکن سرکاری وکیل نے تیاری کے لیے دوہفتوں کی مہلت مانگ لی تھی جس پر فاضل بینچ نے دوہفتوں کی بجائے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی تھی ۔

(جاری ہے)

ایک قانونی افسر کا کہنا ہے کہ اگر مذکورہ ریکارڈ 3 فروری کو کیس کی اگلی سماعت تک دوبارہ ترتیب نہیں دیا جا سکا تو مقدمے میں تاخیر ہوگی اور استغاثہ کے پاس مقدمے کی سماعت کو ملتوی کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں ہوگا جبکہ ممتاز قادری کیس کے ممکنہ پراسیکیوٹر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میاں عبدالروف نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے وہ فائل ایڈیشنل اٹارنی جنرل آفس میں دیکھی تھی۔

متعلقہ عنوان :