بھارت اقلیتوں کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے ۔۔۔ڈل خالصہ

جمعہ 30 جنوری 2015 14:27

ہوشیار پور/ بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) سکھوں کی تنظیم ڈل خالصہ نے کہاہے کہ بھارت ملک میں اقلیتوں کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے۔ ڈل خالصہ کے ترجمان کنور پال سنگھ نے ہوشیارپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی آئین میں سیکولرکا لفظ صرف بین الاقوامی برادری کو دھوکہ اور اقلیتوں کو گمراہ کرنے کیلئے محض ایک شو پیس ہے۔

انہوں نے واضح کیاکہ بھارت صرف ایک ہندو ملک ہے اور اقلیتوں خاص طور پر کشمیری، سکھ اوردیگر اس کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی آئین سے لفظ سیکولر نکال دینے یاموجود رہنے سے سکھوں، کشمیریوں اور دیگر اقلیتوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ترجمان نے کہاکہ بلاشبہ ہندوتوا بھارت میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی پالیسی میں واضح تبدیلی پر تشویش ظاہر کی اورکہاکہ بھارتی قیادت خاص طورپر وزیراعظم جو چند ماہ تک امریکہ کیلئے ناپسندیدہ شخصیت تھے ،سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے متاثرین اور اقلیتیں جو طویل عرصے سے ریاستی مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں کو شدید تحفظات ہیں۔

تاہم ڈل خالصہ کے ترجمان نے کہاکہ امریکی صدر براک اوباما نے بجا طور پر بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی عدم برداشت کواجاگر کرکے بھارتی قیادت کو آئینہ دکھا دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :