نیتھن ایسٹل ورلڈ کپ میں پانچ مرتبہ صفر کا ذائقہ چکھ چکے

جمعہ 30 جنوری 2015 14:33

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) ورلڈ کپ میں اپنی دھواں دار بیٹنگ سے تو بہت سے بلے بازوں نے نام کمایا ، لیکن میگا ایونٹ کے دوران کچھ کھلاڑیوں نے صفر پر آؤٹ ہونے کا بھی ریکارڈ بنا رکھا ہے ، کرکٹ کی عالمی جنگ میں صفر کا تمغہ سینے پر سجانے کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی نیتھن ایسٹل پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ میگا ایونٹ کی 22 اننگز میں انہیں 5 بار بغیر کھاتا کھولے صفر پر پویلین جانا پڑا۔

پاکستان کے سابق بلے باز اعجاز احمد بھی اس منفی ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ صفر کے ساتھ ان کا رشتہ اتنا گہرا تھا کہ عالمی کپ کی 26 اننگز میں 5 بارانہیں بغیر کسی سکور کے میدان بدر ہونا پڑا۔ آئر لینڈ کے کائل میک کلین کیلئے بھی ورلڈ کپ میں بلے بازی کا تجربہ کسی ڈراوٴنے خواب سے کم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ میگا ایونٹ کی محض 8 اننگز میں 4 بار بغیر کسی سکور کے آوٴٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی کیتھ آرتھرٹن ٹورنامنٹ کی 13 اننگز میں 4 بار ڈک آوٴٹ ہوچکے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلئر زبھی اس فہرست میں شامل ہیں ، وہ عالمی کپ کی 15 اننگز میں 4 بار بغیر کسی سکور کے باوٴلرز کا شکار ہوئے۔ کینیا کے کھلاڑی شیم نوچے کیلئے ورلڈ کپ کا تجربہ ہولناک ثابت ہوا ، وہ میگا ایونٹ کی محض تین گیندوں کا سامنا کر پائے اور تینوں بار صفر پر آوٴٹ ہوئے۔