آزادکشمیربھرکے سکولوں میں کمپیوٹر لیب قائم کی جارہی ہیں ‘وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 30 جنوری 2015 14:51

چکسواری (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے جدید سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو فروغ دیئے بغیر ترقی یافتہ ممالک کے برابر ہونے کا خواب ادھوراہے۔ آزادکشمیربھرکے سکولوں میں کمپیوٹر لیب قائم کی جارہی ہیں جس کے لیے سارے آزادکشمیرمیں سولرانرجی سسٹم لگارہے ہیں تاکہ بجلی کی بندش کے باعث کمپیوٹرلیب بند نہ ہوں۔

معیاری اور بامقصد تعلیم کا فروغ ہمارااولین ایجنڈاہے کوشش کررہے ہیں کہ تمام اداروں کے نظام کوبھی کمپیوٹرائز کردیاجائے۔ اساتذہ شرح خواندگی بڑھانے کے لیے اپناکلیدی کرداراداکریں اور نئی نسل کی تعلیم وتربیت جدید خطوط کے مطابق ہم آہنگ کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانھوں نے گورنمنٹ گرلزہائی سکول تنگدیومیں کمپیوٹرلیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت سابق ممبرضلع کونسل چوہدری محمد سوار نے کی جبکہ تقریب سے آزادکشمیرکے وزیر ہائیر ایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی، وزیرتعلیم سکولز میاں عبدالوحید، سیکرٹری اطلاعات، سیاحت وانفارمیشن ٹیکنالوجی سید ظہورالحسن گیلانی، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی سرور گوندل ، صدر معلمہ سمیہ فرحت جرال نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں وزیراعظم کے مشیر شوکت راجہ ایڈووکیٹ، کمشنرامور منگلاڈیم چوہدری محمدطیب، ڈی جی منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقاراعظم، سیکرٹری ضلعی ایلیمنٹری بورڈ چوہدری محمدتاسب، ڈپٹی کمشنرچوہدری محمدطارق، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری امجداقبال،سٹاف آفیسر چوہدری محمود علی کے علاوہ محکمہ تعلیم ڈویژن میرپورکے مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، محکمہ تعلیم کی ڈویژنل وضلعی انتظامیہ اور عوام علاقہ کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔

قبل ازیں وزیراعظم جب سکول پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیاگیاان پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ضلع میرپور اور ضلع بھمبر کے 42 سکولوں کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے کمپیوٹرلیب کا افتتاح کیا۔ آزادکشمیرکے سیکرٹری اطلاعات ،سیاحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی سید ظہورالحسن گیلانی نے اپنے خطاب میں کہاکہ میرپوراور بھمبرکے 42 سکولوں ، کوٹلی کے 41 سکولوں، سدھنوتی کے 11 سکولوں میں کمپیوٹرلیب بنارہے ہیں۔

انھوں نے بتایاکہ اب تک 267 ہائی سکولوں ، 13 سکینڈری سکولوں، 38 انٹر کالجوں، 51 ڈگری کالجوں میں کمپیوٹر لیب قائم ہیں اس طرح 180 ہائی سکولوں مں مزید کمپیوٹرلیب کا قیام کیاجارہاہے ۔یہ منصوبہ جون 2015 تک مکمل ہوجائے گا اس طرح میرپورڈویژن کے 303 ، پونچھ ڈویژن کے156 اور مظفرآباد ڈویژن کے 64 تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر لیب بنائی جائیں گی۔ انھوں نے بتایاکہ اس وقت آزادکشمیرمیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مختلف سکیمیں جاری ہیں۔

محکموں کے لیے مرکزی ویب پورٹل بنائی جارہی ہے جس کی مدد سے محکمہ جات بنیادی عوامی معاملات کی ترسیل بغیرکسی رکاوٹ ممکن ہوگی۔ انھوں نے بتایاکہ محکمہ مال، پبلک سروس کمیشن ، عباس پورانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، سپریم کورٹ کے دفاترکی آٹومشین کام کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق اداروں کی استعدادکار کو بڑھایا جارہاہے۔

اس موقع پر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اپنے خطاب میں کہاکہ علم حاصل کرنافرض ہے اور اس کے لیے مواقع فراہم کرنے حکومت کا کام ہے ۔ تعلیمی ترقی کے لیے ہرممکن وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ کوالٹی آف ایجوکیشن پر کوئی کمپرومائز نہیں ہے۔ کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم معیشت کی ترقی میں اہم کرداراداکررہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیرکے وزیرہائیرایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی نے کہاکہ پی پی پی ایک تاریخ کا نام ہے جس کے پیچھے قربانیوں کی لمبی داستان ہے۔

سیاست میں عہدے اورکرسیاں، نظریات ، سیاسی وفاداریاں اورمنشورپر عمل کرنے سے ہی ملتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگراقتدار روپے اور پیسے کی ریل پیل ملتا تو چوہدری عبدالمجید وزیراعظم نہیں بن سکتے تھے۔ چوہدری عبدالمجید کو پارٹی نے جو عز ت اور مقام دیاہے وہ ان کی جماعت کے ساتھ والہانہ وابستگی کا مظہرہے۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نہ ہوتے تو آج آزادکشمیرمیں تین میڈیکل کالجز ، یونیورسٹیاں اور ملٹری کالج بھی نہ بنتے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید نے کہاکہ بعض لوگوں کو اپنی سیاست خطرے میں نظر آرہی ہے جس کے باعث وہ ہماری حکومت کے خلاف بلاوجہ الزامات تراش رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بعض لوگ جلدی میں ہوتے ہیں اور جلدی میں اقتدار کے ہوس ان کے سرپرسوار ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اقتدارعام کے مینڈیٹ سے ملتا ہے اور عوامی مقبولیت کا فیصلہ عوام کے نمائندوں نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے حق میں دے دیاہے۔