کراچی میں مقیم پختونوں سے زیادتیوں کے سدباب کیلئے سندھ حکومت سے رابطہ کیا جائیگا‘ پرویز خٹک

جمعہ 30 جنوری 2015 15:00

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کراچی میں مقیم پختونوں اور بالخصوص شمالی وزیرستان کے متاثرین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے سدباب کے لیئے سندھ حکومت سے رابطہ کیا جائے گا اور زیادتیوں کا ہر صورت میں خاتمہ یقینی بنایا جائے گا ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک انصاف فاٹا کے صدر دوست محمد خان محسود کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا،وفد میں حاجی ضابط علی محسود، گل محمد خان محسود، وحید خان محسود ، ناول خان محسود،علاؤ الدین محسود ، داؤد خان محسود ، کمال خان محسود اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

، وفد کے سربراہ دوست محمد خان محسود نے وزیر اعلیٰ کو کراچی میں پختونوں بالخصوص جنوبی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں، ہائیر تعلیم کے لیئے جنو بی وزیرستان کے طلبہ کے لیئے سکالر شپ، پولیس فورس میں محسود آئی ڈی پیز کے کوٹہ کی منظوری اور دیگر بنیادی مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سے باضابطہ رابطہ کیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو میں خود سندھ کا دورہ بھی کروں گا تاکہ پختون اور محسود آئی ڈی پیز کے لیئے مسائل کا خاتمہ ہو، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی طرح محسود قوم کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیئے ایک سال کی فیس معافی اور سکالر شپ کے لیئے ہائیر ایجوکیشن کمشن کو سمری کی تیاری کے احکامات جاری کئے جائیں گے جبکہ محسود قوم کے چار سو جوانوں کو پولیس میں بھرتی کے لیئے بھی کاغذی کارروائی کی جلد تکمیل کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، انہوں نے ڈیرہ اسما عیل خان میں تھانہ ٹاؤن کے قریب شہید ہونے والے تحریک انصاف کے کارکن سفیر اللہ شہید کے لواحقین کے لیئے وفد کے مطالبہ پر پانچ لاکھ روپے کی امدادی رقم کی جلد فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ میں عوامی خدمت کی نئی روش قائم کی ہے، بلا امتیاز عوامی مسائل حل کئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کیا گیا ہے، قبائیلی عوام کے لیئے فاٹا یو نیو رسٹی کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا

متعلقہ عنوان :