نیتن یاہو کے اقدامات سے یہودیوں کی زندگی محفوظ ہونے کی بجائے مزید خطرات کا شکار ہو رہی ہے، اسرائیلی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم کی پالیسیوں پر تنقید

جمعہ 30 جنوری 2015 15:03

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) اسرائیلی وزیر خارجہ آوی گیڈور لائبرمین نے وزیراعظم نیتن یاھو کی بعض پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات سے یہودیوں کی زندگی محفوظ ہونے کے بجائے مزید خطرات کا شکار ہوتی جا رہی ہے، غزہ جنگ کو دفاع کا نام دینا قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر جولائی اور اگست 2014ء کے دوران مسلط کی گئی جنگ کو اسرائیل کی دفاعی جنگ قرار دینا غلطی ہی نہیں بلکہ قوم کیساتھ بھی دھوکہ ہے۔ فلسطین کی دہشت گرد تنظیموں سے جس طریقے سے نمٹنے کی کوشش کی گئی اس نے اسرائیلی عوام کی زندگی کو اور بھی مشکلات سے دوچار کیا۔وزیرخارجہ نے وزیراعظم نیتن یاھو کی جانب سے مزارع شعبا میں حزب اللہ کے حملے کے جواب میں سخت کارروائی کی دھکی کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی دھمکیوں سے دشمن تنظیمیں جب چاہتی ہیں یہودیوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیتی ہیں۔