بھارت نے فلسطینیوں کے مطالبات، بنیادی حقوق، سیاسی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کی حمایت کر دی

جمعہ 30 جنوری 2015 15:03

رام اللہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) بھارتی حکومت نے فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق اور دیرینہ مطالبات کی حمایت کیساتھ فلسطین کی تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان قومی مفاہمت کیلئے جاری مساعی کی حمایت کا اعلان کردیا۔فلسطینی اتھارٹی کے ہاں متعین بھارتی سفیر موھیش کمار نے رام اللہ میں ایوان صنعت و تجارت کے دفتر کے دورے کے بعد تاجروں اور صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت فلسطینی عوم کے تمام بنیادی حقوق اور دیرینہ مطالبات کی حمایت کیساتھ فلسطینی سیاسی جماعتوں کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی مساعی کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور فلسطینی قوم کے درمیان نہایت گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ بھارت نے ہر فورم پر فلسطینیوں کے جائز مطالبات کی حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

مھیش کمار نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے درمیان قومی مفاہمت کیلئے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور ان پر زور دیتا ہے کہ وہ جلد ازجلد اختلافات بھلا کر یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ اس کیساتھ ساتھ بھارت آزاد فلسطینی ریاست کی بھی حمایت جاری رکھے گا۔

بھارتی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اپنے ہاں سرمایہ کاری کیلئے ہرممکن سہولتیں فراہم کرے گا۔ تاجروں کیلئے ویزے کے حصول کی شرائط نرم کی جائیں گی۔ فلسطینی تاجر آن لائن ویزہ بھی حاصل کرسکیں گے۔اس موقع پر فلسطینی ایوان صنعت وتجارت کے چیئرمین ولید الحصری نے بھارتی سفیر کی جانب سے فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کی حمایت کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ فلسطینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اپنے ہاں سرمایہ کاری کیلئے مناسب ماحول مہیا کرے۔

متعلقہ عنوان :