ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا، میڈیکل کالج سرگودھا یونیورسٹی کے ساتھ منسلک

جمعہ 30 جنوری 2015 16:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سرگودھا کوٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیئے جانے کے بعد میڈیکل کالج یونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ باقاعدہ منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحسن ڈوگر نے ایک دستاویز پر دستخط کئے۔

سیکرٹری صحت نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال سرگودھا کو پہلے ہی ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا جاچکا ہے اور سرگودھامیڈیکل کالج کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مریضوں کو کنسلٹنسی اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہے تھے تاہم اب ان اقدامات کو باقاعدہ دستاویز کی شکل دے دی گئی ہے۔ سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی دستیابی، نرسز اور دیگر سٹاف کی حاضری یقینی بنانے اور ادویات کی فراہمی کیلئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ، ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا کی Attachment بھی اس سلسلہ کا ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

جواد رفیق ملک نے کہا کہ اس اقدام سے میڈیکل کالج یونیورسٹی آف سرگودھا کے گریجوایٹس کو ہاؤس جاب اور دیگر کلینکل سٹڈی کی سہولیات بھی میسر آئیں گی اور ہسپتال کے مریضوں کیلئے علاج معالجہ کی سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر سرگودھا میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ایم اشرف نیازی، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا ڈاکٹر پرویز حیدر، ہائرایجوکیشن کمیشن (HEC) کے ریجنل ڈائریکٹر نذیر حسین، پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج گجرات پروفیسر سجاد حسین، سینئر پلاننگ آفیسر محکمہ صحت عبدالحق بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔