چوہدری سرورنے جھوٹ ، خود غرضی ، ذاتی مفاد ،عوام کے استحصال سے رنگے ہاتھوں کو بے نقاب کرکے عوام کی آنکھیں کھول دیں، راجہ راشد حفیظ

جمعہ 30 جنوری 2015 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی و جنرل سیکریٹری راول ٹاؤن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری سرورنے جھوٹ ، خود غرضی ، ذاتی کاروباری مفاد اور عوام کے استحصال سے رنگے ہاتھوں کو بے نقاب کرکے عوام کی آنکھیں کھول دی ہیں ․ تحریک انصاف گذشتہ دو سالوں سے شریف برادران کی اسی کرپشن اور نا اہلی کا رونا رو رہی ہے اور چوہدری سرور کے انکشافات کے بعد اب بھی شریف برادران کے تنخواہ دار کذب بیان حکومت کے گناہوں کو چھپانے کیلئے جھوٹ بول کر اپنی عاقبت خراب کرنے میں لگے ہوئے ہیں ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی راول ٹاؤن کے سب آفس سید پور روڈ میں تحریک انصاف کے ورکروں اور معززین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ انہوں نے کہا کہ ابھی چوہدری سرور نے پٹرول بحران کی وجوہات سے پردہ اٹھانا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ نے منت ترلے کرکے انہیں اس سے روک دیا ․ انہوں نے کہا کہ سچ کے قاتل یہ حکمران اب زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہیں گے اور آنے والے الیکشن میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں ہمیشہ کیلئے الوداع کر دیں گے ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ن لیگ کی سربراہی میں ملک کے اندر اس وقت جو اندھیر نگری مچی ہوئی ہے اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں اور پاکستان کے گذشتہ کسی دور میں نہیں ملتی ․ شریف برادران نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا اور وہ ملک کو رائے ونڈ محل کی طرح چلانا چاہتے ہیں جس میں کسی سے مشاورت کرنا ان کی شان کے خلاف ہے ۔