غیر قانونی طریقے سے حاصل کردہ پلاٹوں کے نیک نیت خریداروں کے ایل ڈی اے سے تنازعات کے تصفیے کیلئے کمیشن تشکیل

جمعہ 30 جنوری 2015 16:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)حکومت پنجاب نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سکیموں میں غیر قانونی طریقے سے حاصل کردہ پلاٹوں/دیگر جائیدادوں کے نیک نیت حقیقی خریداروں کے مفادات کے تحفظ اور خلاف قانون/خلاف قواعد تعمیر کردہ عمارتوں اور ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے ایل ڈی اے کے ساتھ تنازعات کے منصفانہ تصفیے کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ترمیمی)ایکٹ‘مجریہ 2013ء کی دفعہ32کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمیشن تشکیل دے دیا ہے ‘جس کا دفتر ایل ڈی اے آفس‘-3سوک سنٹر‘نزدہمدرد چوک‘قائد اعظم ٹاؤن میں قا ئم کیا گیا ہے -یہ کمیشن صرف ایسے تنازعات یا معاملات کی سماعت کرے گا جو اس ایکٹ کی تاریخ اجراء16دسمبر 2013ء سے پہلے پیدا ہوئے ہوں۔

کمیشن کسی عدالت سے فیصلہ شدہ معاملات کی سماعت نہیں کرے گا ۔

(جاری ہے)

تاہم کسی عدالت میں زیر سماعت مقدمے سے دستبرداری پر معاملہ کمیشن کو بھجوایا جا سکتا ہے تا ہم اس ضمن میں درخواست دہندہ درخواست کے ہمراہ ایک بیان حلفی لف کرے گا۔ کمیشن کے فیصلہ کے خلاف درخواست گزار کو ہائیکورٹ میں اپیل کا حق حاصل ہوگا۔کمیشن میں ہر وہ شخص درخواست دائر کر سکتا ہے جو کسی جائیداد کا نیک نیت حقیقی خریدار (Bonafide Purchaser) ہونے کا دعویدار ہو مگر اس کی الاٹمنٹ یا اس کے حق میں تبدیلی مفاد کو اتھارٹی نے منسوخ کر دیا ہو یا اس پر اعتراض کر دیا ہو ۔

ایسا شخض جو کسی غیر قانونی/خلاف قواعد کی گئی تعمیر کا مالک یا قابض ہو یا کسی غیر قانونی /خلاف قواعد بنائی گئی ہاؤسنگ سکیم کا رہائشی یا ڈویلپر ہو۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کے لئے اتھارٹی کی ویب سائٹ www.lda.gop.pk پر ”قواعد لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمیشن مجریہ2014ء“ پر ملاحظہ کی جا سکتی ہیں