سمن آباد سے چوبرجی مین ملتان روڈ پر تعمیراتی کاموں کے باعث ڈائیورشن پلان مرتب

جمعہ 30 جنوری 2015 16:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ موڑ سمن آباد سے چوبرجی کوارٹرزتک گندا نالہ پل کی تعمیر کے موقع پر ٹریفک کی موثر روانی کو یقینی بنانے کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے ۔اس دوران 02ایس پیز کی نگرانی میں 03ڈی ایس پیز،08انسپکٹرز اور 204اضافی وارڈنزڈیوٹی کررہے ہیں جبکہ شہریوں کی مدد اور راہنمائی کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی مدداور راہنمائی بھی یقینی بنائی جائے۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ موڑ سمن آباد سے چوبرجی کواٹرز مین ملتان روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے ۔اس دوران ملتان روڈ اور سکیم موڑ کی طرف سے آنیوالی ہیوی ٹریفک چوک یتیم خانہ سے بائیں ٹرن کر کے بابو صابو بند روڈ سے نیازی شہید چوک کے راستے لاہور داخل ہو گی اور واپسی کیلئے بھی یہی راستہ استعمال کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

چوبرجی سے موڑ سمن آباد کی طرف جانی والی ٹریفک ماسوائے ہیوی وہیکلزپُل گندانالہ سے بائیں جانب 300 میٹر کے بعد یو ٹرن کر کے واپس مین ملتان روڈ پر آکر موڑ سمن آباد کی طرف جاسکے گی۔

جبکہ سست رفتار ٹریفک کو تعمیراتی ایریا کی طرف نہیں جانے دیا جائے گا۔ سی ٹی او نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے تمام پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں ، شہری روڈ سچویشن یا کسی بھی قسم کی راہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 0423-1915پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :