ہتک عزت سے متعلق قانون سازی سے قبل تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت ہوگی،چوہدری عبدالمجید

جمعہ 30 جنوری 2015 16:40

اسلام گڑھ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ ہتک عزت کے متعلق قانون سازی سے قبل تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت ہوگی۔ قانون سازی کے لیے مسودے ایوان میں آتے رہتے ہیں صحافی آزادی کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دیں ہماری سیاست علاقائی اور برادری سے بالاترہے ہمارامشن صرف خلق خداکی خدمت ہے ۔

پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک کو بچانے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے جانی قربانیاں دی ہیں آزادکشمیرمیں مزید تعلیمی ادارے بنائیں گے۔ سانحہ پشاور انسانیت کے خلاف بدترین درندگی تھی۔ پاکستانی مسلح افواج ملکی دفاع ، سالمیت اور اس کی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ وہ جمعہ کے روز یہاں اسلام گڑھ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت چوہدری گلزار نے کی تقریب سے آزادکشمیرکے وزیرصنعت وتجارت چوہدری اکبرابراہیم،مشیر وزیراعظم شوکت راجہ ایڈووکیٹ، مسلم کانفرنس کے مرکز ی راہنماحاجی ذوالفقارعلی، اے کے این ایس کے قائمقام صدر شیرباز منیرچوہدری، پیپلزپارٹی کی ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن چوہدری ناظم حسین، پریس کلب کے صدر خالد حسین، جنرل سیکرٹری سید صابرراجوروی، اصغر چوہدری، سابق صدر پریس کلب سید کاشف حسین شاہ، مفتی کامران حبیب، صدر ضلعی ٹیچرایسوسی ایشن راجہ گلبہار خان نے بھی خطاب کیاجبکہ تقریب میں ڈی جی منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقاراعظم، ڈپٹی کمشنرچوہدری محمدطارق، وزیراعظم کے کوارڈینیٹر چوہدری داؤدبندوروی، سٹاف آفیسر محمود علی چوہدری، چکسواری پریس کلب کے صدر یاسرممتاز چوہدری اور دیگرشخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزررہاہے ساری قومی وسیاسی قیادت کو متحد ہوکر اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے کردار اداکرناہوگا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کے مفادات کو تمام معاملات پر مقدم رکھا ۔ شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیربھٹوشہید نے ملک میں جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی کی خاطراپنی جانوں کی قربانیاں دے دیں۔

انھوں نے کہاکہ آج بھی ملک میں سیاسی بحران ہویا توانائی کا بحران پیپلزپارٹی نے قومی مفادات کی خاطراپنے سیاسی اختلافات کو بالا ئے طاق رکھا ہواہے ۔ انھوں نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹوکو شہید کرنے کی سازش ملک توڑنے کے لیے کی گئی مگرپاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے اس سازش کو ناکام بنادیا۔ انھوں نے کہاکہ ہم آج بھی آزادکشمیرکے اندر مفاہمت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جب کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے دوٹوک آواز بلند کی تو بھارتی قیادت چیخ اٹھی مگر پیپلزپارٹی کی قیادت نے کسی بھی احتجاج کو خاطرمیں نہیں لایا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں آزادکشمیرکے اندر اعلیٰ تعلیمی اداروں کا جال بچھایا اور مزید تعلیمی ادارے بھی بنائیں گے۔

میرپورمیں الاظہرطرز کی اسلامی یونیورسٹی اور شاردہ میں بین المذاہب یونیورسٹی جلد بنائی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ میری نظرمیں پوری ریاست کی بلاتخصیص تعمیروترقی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھارت گذشتہ پندرہ سالوں کے دوران مقبوضہ کشمیرمیں تسلسل سے فوج میں اضافہ کررہاہے اور اس نے مقبوضہ کشمیرکو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کررہاہے ۔

بھارتی افواج مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہی ہے ۔ ماورائے عدالت شہریوں کا قتل معمول ہے جبکہ حریت کانفرنس کی قیادت کو نظربند کیاجارہاہے مگر مقبوضہ کشمیرکے نواجوانوں نے بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد کو تیز کیا ہواہے ۔ وزیراعظم نے مسلح افواج پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم کو اپنی بہادر افواج پرفخر ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ میرپورمیں بننے والے ملٹری کالج میں مقبوضہ کشمیرکے بچے داخلہ لے سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیرکے کالجز میں سٹاف کی کمی کو دور کیاجائے گا۔ انھوں نے گرلز کالج اسلام گڑھ کی بچیوں کے لیے 5 لاکھ جبکہ اسلام گڑھ پریس کلب کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔قبل ازیں وزیراعظم نے اسلام گڑھ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور انھیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیرکے وزیرصنعت وتجارت چوہدری اکبرابراہیم نے کہاکہ صحافت معاشرے کی آنکھ اور ریاست کا چوتھاستون ہے ۔صحافی اپنی ذمہ داریاں بھرپوراورمثبت طریقے سے اداکریں تاکہ ملک اور قوم کی ترقی ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ صحافیوں کا ریاست کی ترقی اور تحریک آزادی میں بڑااہم رول ہے جس کو حکومت قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ مشیر وزیراعظم شوکت راجہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ سیاست اور صحافت دونوں لازم اورملزوم ہیں دونوں میں اصلاح احوال کی گنجائش موجود ہے ۔ صحافی معاشرتی ناہمواریوں کی نشاندہی کریں ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔