میرپور،وزیراعظم آزاد کشمیر نے دو میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ،15 کلو میٹر لمبی سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا

جمعہ 30 جنوری 2015 16:40

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے 76 کروڑ 84 لاکھ 30 ہزار روپے لاگت سے دومیگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیااور ایک15 کلومیٹرلمبی سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔ جمعہ کے روز وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اسلام گڑھ سے پیر گلی ، کالاڈب توسیع شدہ نئی پندرہ کلومیٹر سڑ ک کے منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے وزیراعظم کا استقبال کیاان پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں ۔ اسلام گڑھ پیرگلی روڈ کے اس منصوبہ پر 507.60 ملین روپے لاگت آئے گی اس سال کی اے ڈی پی میں اس منصوبے کے لیے دوکروڑ روپے مختص ہیں جبکہ یہ منصوبہ تین جولائی 2016 کو مکمل ہوگا ۔ سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر وزیر صنعت وتجارت چوہدری اکبرابراہیم، مشیر شوکت راجہ ایڈووکیٹ، ڈی جی منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی ذوالفقاراعظم سیکرٹری ورکس زاہد عباسی، چیف انجینئر سردارمحمداسحاق، ڈپٹی کمشنرچوہدری محمدطارق، ایس ای طفیل گورسی، ایکسین محمود ممتاز راٹھورکے علاوہ دیگرافسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے جمعہ کے روز محترمہ بے نظیربھٹوشہید میڈیکل کالج روڈ اور مین انٹری گیٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس منصوبے پر 167.27 ملین روپے لاگت آئی ہے جس میں پانچ کلومیٹرسڑک اور مین انٹری گیٹ شامل ہے ۔ وزیراعظم نے نیوانڈسٹری اسٹیٹ میں مکھیانالہ پل کا بھی افتتاح کیا۔ 160 میٹر لمبے اس پل کی تعمیر پر 93 ملین روپے لاگت آئی ہے ۔ افتتاح کے موقع پر آزادجموں و کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر چوہدری جاوید اقبال نے صنعتکاروں کے ہمراہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کا والہانہ استقبال کیا۔ گلگت بلتستان کے کنٹریکٹرثناء خان نے وزیراعظم کو گلگتی روایتی چادر اور ٹوپی پہنائی ۔

متعلقہ عنوان :