مظفر آباد،سینٹرل پریس کلب میں میلادالنبیﷺ کانفرنس کل منعقدہوگی،انتظامات مکمل

جمعہ 30 جنوری 2015 16:41

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) سینٹرل پریس کلب میں میلادالنبیﷺ کانفرنس کل بروزاتواردن نوبجے منعقدہوگی۔‘’تحفظ ناموس رسالتﷺ اور مسلم امہ کی ذمہ داریاں“کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں جیدعلماء کرام خطاب،نعت خواں حضرات بارگاہ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے جبکہ تمام مکاتب فکرکے افرادشرکت کریں گے۔

سیرت کمیٹی سینٹرل پریس کلب کے چیئرمین سفیراحمدرضا‘ممبرکمیٹی سیداحسن شاہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وجہہ تخلیق کائنات،فخرموجودات رحمة للعالمین جنابِ محمدمصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ستودہ صفات کی دنیامیں آمدسے کفروشرک کاخاتمہ ہوا‘حضورپرنور‘شافع ِیوم ُالنشورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی وہ عظیم ہستی ہیں کہ جن کے دم قدم سے انسانیت کو جہالت وگمراہی سے نورتوحیدکی روشنی عطاہوئی اورآج پرچم اسلام پوری آب وتاب سے روزافزوں ترقی کے ساتھ دنیامیں لہرارہاہے۔

(جاری ہے)

اسلام کو پھلتاپھولتادیکھ کراسلام دشمن صیہونی طاقتوں نے ہردورمیں مسلمانان عالم کے خلاف سازشیں کیں اوروہ بدبخت اسلام دشمنی میں توہین رسالتﷺ جیسے قبیح عمل سے بھی بازنہیںآ ئے۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں فرانسیسی اخبارسمیت یورپ کے بعض اخبارات نے حضور سرورکائنات جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کرتے ہوئے سواارب مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔

ایسے حالات میں مسلم امہ کو کس طرح ناموس رسالتﷺ کا تحفظ اور پرچم اسلام کی حفاظت کرنی چاہئے۔اس ضمن میں میڈیاسمیت علماء ومشائخ کرام کے کردارسے انکارنہیں کیاجاسکتا۔ان کاکہناتھاکہ مرکزی ایوان صحافت مظفرآبادنے اپنی درخشاں روایات کو برقرارارکھتے ہوئے جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر اسی سلسلہ میں”تحفظ ناموس رسالتﷺ اور مسلم امہ کی ذمہ داریاں“کے عنوان سے کانفرنس کاانعقادکیاہے۔کانفرنس مورخہ یکم فروری2015دن9:30بجے بمقام کانفرنس ہال سینٹرل پریس کلب مظفرآبادمیں منعقدہوگی۔کانفرنس کے سلسلہ میں انتظامات شروع کردئے گئے ہیں۔مرکزی ایوان صحافت کے صدر سہیل مغل بذات خودانتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔