وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے حکومت کیخلاف نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی کی وضاحت طلب کر لی

جمعہ 30 جنوری 2015 16:45

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے حکومت کیخلاف نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی میں شرکت کرنے پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبدالرزاق ڈھلوں‘ رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز کو لاہور طلب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان سے ریلی کی قیادت کرنے پر وضاحت طلب کریں مسلم لیگی ذرائع کے مطابق تینوں اراکین اسمبلی کو جمعہ کے روز لاہور وضاحت کیلئے طلب کیا گیا جہاں پر صوبائی سیکرٹری برائے بلدیات عبدالرزاق ڈھلوں‘ ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز پیش ہوئے اور انہوں نے سرگودھا میں محکمہ سوئی گیس کیخلاف نکلنے والی ریلی کی وضاحت پیش کی ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ لوگوں نے انکا گھیراؤ شروع کردیا تھا متعدد بار اس سلسلہ میں سوئی گیس افسران سے میٹنگ بھی ہوئی تاہم مسئلہ جوں کا توں ہی رہا اراکین اسمبلی نے بتایا کہ وہ جنازے میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ بلاک 22 گئو شالہ کے رہائشیوں نے ان کی گاڑیوں کو روک لیا اور ان کے گاڑیوں کے ٹائروں کی ہواء تک نکال دی پولیس کی آمد پر کئی گھنٹے کے بعد انہیں محاصرے سے چھڑایا گیا تھا ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ کسی بھی مسئلہ کے حل کیلئے مذاکرات ایک اہم ذریعہ ہیں احتجاجوں سے مسئلے حل نہیں ہوتے تاہم سرگودھا میں سوئی گیس میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے نوٹس لینے پر ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے اراکین اسمبلی نے حمزہ شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ سرگودھا گیس کے پریشر کو بڑھانے کیساتھ ساتھ نئے ایس ایم ایس اور بی ٹی یو لگانے کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرایا جائے تاہم یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز سرگودھا کے ان علاقوں میں بھی گیس آتی رہی جن میں پچھلے 4 ماہ سے گیس کی مکمل بندش تھی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری حامد حمید اسلام آباد میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوسکے ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی کو انتباہ کیا گیا کہ آئندہ حکومت کیخلاف احتجاج میں شرکت برداشت نہیں کی جائیگی مسائل کے حل کیلئے حکومت ہر وقت آپ کے ساتھ ہوگی۔