کاروباری طبقہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ،حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے سخت کوششیں کررہی ہے‘ صدر مملکت ممنون حسین

جمعہ 30 جنوری 2015 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) صدر مملکت سید ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سخت کوششیں کررہی ہے، کاروباری طبقہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور معاشی اہداف کے حصول میں اس کا کردار بہت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیرملکی سفیروں کے اعزاز میں لاہور چیمبر کے سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، نائب صدر سید محمود غزنوی ، سٹینڈنگ کمیٹی برائے ڈپلومیٹک، فارن مشن اور ایمبیسی لائزن محمد ہارون اروڑہ، ڈین آف ایمبیسڈرز روڈولفو جے مارٹن ساراویانے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ سابق صدور ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور وفاقی وزرا نے بھی عشائیے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سید ممنون حسین نے کہا کہ حکومت صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، توانائی کا بحران معاشی سرگرمیوں کو متاثر کررہا ہے مگر جلد ہی اس پر قابو پالیا جائے گا۔

لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیگر ممالک کی مارکیٹوں تک بھرپور رسائی ملنی چاہیے کیونکہ پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں کا انعقاد تجارت کے فروغ میں اہم کردارادا کرتا ہے مگر اس کے لیے ویزا کے اجراء کا عمل بہت آسان ہونا چاہیے تاکہ تاجر دوسرے ممالک کا باآسانی سفر کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال اور جغرافیائی حوالے سے اہم مقام کا حامل ہے لہذا پاکستان میں دیگر ممالک کے سفیر اپنے اپنے ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔ اعجاز اے ممتاز ے کہا کہ پاکستان کو تواائی کے بحران کا سامنا ہے، اگرچہ حکومت اس پر قابو پانے کے لیے سخت محنت کررہی ہے لیکن ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کار پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے بھاری فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے غیرملکی سفیروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ممالک میں پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کریں جسے بین الاقوامی میڈیا نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور قیام امن کے لیے بھاری قربانیاں دے رہا ہے۔ اعجاز اے ممتاز نے معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح نمو، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، برآمدات بڑھنا، روپے کی قدر یں استحکام، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، ٹیکس وصولی بڑھنا اور انفراسٹرکچر کی بہتری اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے صنعت و تجارت اور معیشت کے لیے ہمیشہ بہترین خدمات سرانجام دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے غیرملکی سفیروں کو پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وسطیٰ ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا بہت اہم ذریعہ ہے لہذا وہ اپنی حکومت کو پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے پر آمادہ کریں۔

متعلقہ عنوان :