نرسنگ طالبات کو بھی لیپ ٹاپ تقسیم کی سکیم میں شامل کیا جائے‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

جمعہ 30 جنوری 2015 16:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وامیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا ہے کہ نرسوں کے بغیر ہیلتھ کئیر سسٹم کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ نرسیں دکھی انسانیت کی خدمت کے بے لوث جذبہء قربانی، بیماریوں کے خلاف اعلان جنگ اور مایوسی کی جگہ جینے کی امنگ ، امید اور صحت کا استعارہ ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب نرسوں کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کر کے اس شعبے کیلئے مسیحا ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی محمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ نرسنگ طالبات کو بھی لیپ ٹاپ تقسیم کی سکیم میں شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اب ہر طالب علم کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے چاہے خواہ طالب علم کا تعلق علم کے کسی بھی شعبے سے کیوں نہ ہو -انہوں نے کہا کہ دنیا علم و تحقیق کے پر لگا کر جس تیزی سے بلندیوں کی طرف محو پرواز ہے اس کا ساتھ دینے کے لئے ہماری حکومت کو تمام طالب علموں کو لیپ ٹاپ کے ہتھیار سے لیس کرنا ہو گا اور اس سکیم میں نرسوں کو بھی بلا امتیاز شامل کر لینا چاہیے - پرنسپل نے نرسنگ سکول کی لائبریری کی اپ گریڈیشن اور نئی کتب کی خرید کیلئے پانچ لاکھ روپے کی رقم کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نرسنگ سکول لاہور جنرل ہسپتال میں نرسوں کے دوپٹہ اوڑھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پرنسپل نرسنگ سکول رئیسہ اشتیاق، ایم ایس ڈاکٹر سعید صوبن ،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو،نرسنگ سٹاف اور نرس طالبات نے بھی شرکت کی ۔پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے دوپٹہ اوڑھنے والی نرسوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پہلے سے زیادہ احساس ذمہ داری اور زیادہ اعتماد و تجربے کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کریں گی - انہوں نے اس سال نرسنگ کے امتحانات میں سو فیصد کامیابی کے نتائج پر بھی طالبات،ان کے والدین اور سکول کی انتظامیہ کو مبارکباد دی ۔

پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ ہمارے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے بھر کے تمام نرسنگ سکولزکو کالج کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا ہے - اس سے پہلے وہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والی ہزاروں نرسوں کی ملازمت مستقل کرنے کا اعلان بھی کر چکے ہیں ان تاریخی اقدامات سے وزیر اعلی پنجاب کی نرسنگ کے شعبے سے دلچسپی اور نرسوں کیلئے ہمدردی اور ان کی خدمات کے اعتراف کا بھرپور اظہار ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہ ہم وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے اس شعبے کی محرومیاں دور کر کے اسے باوقار اور باعزت پرفیشن میں بدل دیا ہے - نرسنگ کے شعبے کی ترقی کا اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب ایف ایس ایس پاس لڑکیاں بڑے شوق سے یہ شعبہ جائن کر کے ملک و قوم کی خدمت کا بیڑا اٹھاتی ہیں۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہ ہم اپنے سکول کی با صلاحیت ، محنتی اور ذہین طالبات کی حوصلہ افزائی اور قدر دانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے - اس سلسلے میں فروری میں ان نرس طالبات کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد ہو گی -جنہوں نے امتیازی پوزیشنیں حاصل کر کے ادارے کا نام روشن کیا - تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طالبات کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات بھی دئیے جائیں گے ۔