امام بارگاہیں ،مساجد محاذ جنگ بنا دی گئی ہیں، ایسا حضورسے تعلق غلامی کمزور ہونے کے سبب ہے‘ فیض الرحمن درانی

جمعہ 30 جنوری 2015 17:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ فرانس میں حضور ﷺ کی شان کے خلاف شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں،اس مذموم عمل سے ساری امت مسلمہ مغموم ہے ،دنیا کو امن کی ضرورت ہے اور قیام امن کیلئے اس وقت دنیا میں سیرت مصطفیﷺ سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں لہذا آج کے دور پر فتن میں پوری دنیا اور بالخصوص 57اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں کوچاہیے کہ وہ سیرت مصطفیﷺ کو اپنے لئے آئیڈیل قرار دیں، آقاﷺکی ظاہری حیات میں انکی صحبت میں بیٹھنے والا غیر مسلم بھی رحمت سے محروم نہیں رہا تھا، آج آقا ﷺ کی ذات سے تعلق محبت کی مضبوطی اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرناہو گی تاکہ پوری دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جا مع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعة المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی رحمت کے فیض کے باعث کائنات کا وجود قائم ہے۔ تحریک منہاج القرآن آقا ﷺ کی رحمت حاصل کرنے کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، رحمت اور احترام کی ضرورت ہے۔ یہ مثبت رویے عام ہونگے تو دائمی امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو حضورﷺ کی ذات میں فنا ہو جاتا ہے وہ پیکر رحمت بن جاتا ہے اور اس کے گرد دن رات لوگوں کا ہجوم نظر آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے اپنی زندگیوں کو آقا ﷺ کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں تاکہ امت مسلمہ کی کھوئی ہوئی عظمت لوٹ آئے اور پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ انہوں نے شکار پورامام بارگاہ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امام بارگاہیں ،مساجد محاذ جنگ بنا دی گئی ہیں،دین کا وقار لٹ گیا ہے۔

ایسا حضورﷺ سے تعلق غلامی کے ٹوٹنے اور کمزور ہونے کے سبب ہے۔ مسلمان جن کی پیروی کر رہے ہیں ان کے انسانی حقوق کے فلسفے میں مسلمان انسان ہی نہیں ہیں۔ آج امن قائم کرنے کے نام پر بدترین دہشت گردی ہو رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن امت کو حضورﷺ کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے متوجہ کر رہی ہے تاکہ مسلمانوں کی زندگیوں کا سکون اور خوشیاں لوٹ سکیں۔

معلم انسانیت آقائے دو جہاں ﷺ کی ذات سے تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ان پر درودوسلام بھیجنا ہے۔ درود شریف کی اثر انگیزی یہ ہے کہ یہ فتنہ وفساد کا خاتمہ کر کے امن و سلامتی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کے اخلاق، معاملات اور حسن سلوک کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں تو امت کی عظمت رفتہ بحال ہو گی۔ حضورﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں انکے دیئے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔