ملک ریاض اور گورنرسندھ نے الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

جمعہ 30 جنوری 2015 17:39

ملک ریاض اور گورنرسندھ نے الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جنوری2015ء) بحریہ ٹاؤ ن کے چیئر مین ملک ریاض او ر گورنر سند ھ نے حید ر آباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کا کاسنگ بنیاد رکھ دیا ۔تفصیلات کے مطابق یہ یونیورسٹی دو ارب روپے کی لاگت سے دو سال کے عرصہ میں اپنی تکمیل کو پہنچے گی اور اس یونیورسٹی کا ڈیزائن نیئر علی دادا نے تیا ر کیاہے ۔ ملک ریاض نے الطاف حسین یونیورسٹی کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ جو کام شروع کیا ہے یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے اور اللہ تعالیٰ ہی اسے تکمیل کے مراحل تک پہنچائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ انہیں انسانیت کی خدمت کرنے میں خوشی ملتی ہے اور انہیں صر ف دعاؤں کی ضرورت ہے کہ انہیں دنیا رئیل سٹیٹ ٹائیکون کی جگہ ویلفیئر ٹائیکون کے نام سے جانے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جلدکراچی میں بلند ترین عمارت کی تعمیر بھی شروع کرنے جا رہے ہیں ۔ وہ ایک دن گورنر سندھ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ گورنر صاحب بہت پریشان نظرآئے معلوم کرنے پر پتہ چلاکہ کچھ لوگوں کاکہناہے کہ یونیورسٹی کی اجازت اس لیے نہیں ملی کہ یہاں اردو سپیکنگ بچے پڑھیں گے ۔

ملک ریاض نے کہاکہ وہ اس بات پر کافی پریشان ہوئے او ر فورا سابق صدر آصف علی زرداری سے رابطہ کیا توانہوں نے یقین دہانی کرائی کی وہ اس یونیورسٹی کا افتتاح کریں اور یونیورسٹی کا نام بھی الطاف حسین کے نام پر رکھیں اور یونیورسٹی کی زمین بھی حکومت سندھ کی جانب سے یونیورسٹی کے لیے وقف کی جائے گی لیکن ملک ریاض نے کہاکہ وہ اس زمین کو خریدیں گے اور الطاف بھائی کے نام سے یونیورسٹی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بحریہ ٹاؤن کے سکولوں میں تقریباً 23ہزار بچے زیر تعلیم ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ وہ پاکستانی بچوں کی تعلیم کے لیے کچھ کر سکیں اور اس کے لیے وہ کراچی میں بھی الطاف حسین کے نام سے یونیورسٹی بنائیں گے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ عشر العباد نے بھی ملک ریاض کا شکریہ ادا کیا اور کہا وہ انسانیت کے لیے بہت بڑا کام کرنے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں تاریخ میںیاد رکھا جائے گا۔