کراچی، بھارت امریکی پلان کے تحت خطے میں عدم استحکام کی فضا پیدا کرنا چاہتا ہے،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

جمعہ 30 جنوری 2015 17:41

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت امریکی پلان کے تحت خطے میں عدم استحکام کی فضا پیدا کرنا چاہتا ہے۔ طاغوتی قوتیں باطل نظاموں کی بقا کے لیے ایک ہوچکی ہیں۔ مغرب اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت سے خوفزدہ ہے۔ ڈنمارک، جرمنی اور فرانس کے بعد بھارت بھی توہین رسالت کے ارتکاب پر اتر آیا ہے۔

عالم اسلام کے مسلمان شعائر اسلام کے تحفظ کے لیے ایک نکتے پر متفق ہوجائیں۔ دشمن قوتیں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نماز جمعہ کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ غلبہ اسلام کی تحریک کو روکنے کے لیے عالم کفر ایک ہوچکا ہے۔

ہر دور میں دشمنان اسلام مختلف انداز سے مسلم امہ پر حملہ آور ہوتے رہے ہیں۔ دشمن قوتوں نے مسلم معاشروں میں نظریاتی جنگ برپا کر رکھی ہے۔ مسلمان فتنوں کے ایام میں تعلیمات نبوی پر ثابت قدمی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کا مقصد باطل ادیان کا قلع قمع کرکے اسلام کو غالب کرنا تھا۔ انبیاء نے ہر دور میں انسانوں کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔

کفریہ طاقتیں ہماری دعوت کو غیر موثر بنانے کے لیے اپنی ناپاک سازشوں میں مصروف ہیں۔ مسلمان اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم کرکے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ مغرب میدانوں میں مار کھانے کا بدلہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاکر لے رہا ہے۔ آزادی اظہار کے دہرے معیار سے اشتعال انگیزی فروغ پا رہی ہے۔ مسلم حکمران پوری امت کی ترجمانی کرتے ہوئے مضبوط پالیسیاں ترتیب دیں، توہین رسالت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :