امریکہ بھارت گٹھ جوڑ سے پاکستان کی سلامتی ،تحریک آزادی کشمیر کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ،عبدالرشید ترابی

جمعہ 30 جنوری 2015 17:45

مظفرآباد/چکار/ گڑھی دوپٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت گٹھ جوڑ سے پاکستان کی سلامتی اور تحریک آزادی کشمیر کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں پوری قوم جذبہ جہاد سے سرشار ہو کر اپنی سلامتی بقاء اور کشمیر کی آزادی کے لیے صف بندی کرے سراج الحق کا 34اسلامی تحریکوں کے قائدین کا مشترکہ یکجہتی ڈکلریشن کے ہمراہ مظفرآباد تشریف لانا اسی سلسلے کی کڑی ہے ،میاں نواز شریف بھی مظفرآباد عظیم الشان یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کریں،ریلی میں آزادکشمیر کی حکومت اور قیادت کو دعوت نامے جاری کردیے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے سراج الحق کے دورہ مظفرآباد کے حوالے سے چکار،گڑھی دوپٹہ اور مظفرآباد شہر میں تمام سیاسی پارٹیوں کے ضلعی ذمہ داران انجمن تاجران علماء کرام انجمن شہریان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیرشیخ عقیل الرحمن،امیر ضلع ہٹیاں پروفیسر شوکت،امیر ضلع مظفرآباد سید نذیر حسین سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نریندر مودی کے خطر ناک عزائم اور مسلم دشمنی کے واضح ایجنڈے اور امریکہ کی آشیر باد نے خطے میں نیا چیلنج کھڑا کر دیا ہے جس سے نبر آزما ہونے کے لیے پوری قوم کو یکجان کر کے جہاد کے لیے تیار کرنا ہو گا اور خطرات سے نمٹنے کے لیے لام بندی کرنا ہو گی ،انہوں نے کہا کہ سرا ج الحق کا دورہ مظفرآباد اسی سلسلے کی کڑی ہے اور ہم وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ بھی کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے عظیم الشان یکجہتی کانفرنس اور ریلی کی قیادت کریں ،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر پارٹیوں کے قائدین شریک ہوں انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی پشتیبان سراج الحق کا مظفرآباد میں اہل مظفرآباد اپنی تاریخی روایات کے مطابق شایان شان استقبال کریں انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا 5لاکھ کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ بھارت نے خود اقوام متحدہ میں جا کر ساری دنیا کے سامنے کشمیریوں سے عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق فراہم کرے گا کشمیری اپنے اسی بنیادی حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ امریکہ کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کر ے انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والا اسرائیل کے بعد دوسر ا بڑا ملک ہے اس کو سلامتی کونسل میں رکنیت دینے کے بجائے اس کی اقوام متحدہ سے ہی رکنیت منسوخ کی جائے چونکہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کا رول اسی طرح رہا تو اس کی حیثیت ختم ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ کشمیری 5فروری کو یہ ثابت کر دیں کہ وہ کشمیر کی آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متحد اور متفق ہیں ۔