ڈویژن بھر میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے،ڈویژنل کمشنر شفیق احمد مہیسر

جمعہ 30 جنوری 2015 18:20

میرپورخاص( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)ڈویژنل کمشنر شفیق احمد مہیسر نے کہاہے کہ ڈویژن بھر میں جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تا کہ اضلاع میں بہتری آ سکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔ یہ ہدایت انہوں نے دربار ہال میں متعلقہ افسران سے ڈویژن میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جو بھی ضروری اسکیمیں ہیں انہیں ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جائے اس ضمن میں جو بھی درپیش مسائل ہیں ان کی رپورٹ دی جائے تا کہ انہیں حل کرایا جائے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ بھر پور تعاون کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ التواء کا شکار اسکیموں کی رپورٹ کمشنر آفس میں بھیجی جائے تا کہ حکومت سندھ کو فنڈ جاری کرنے کیلئے لکھا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں بھی ترقیاتی اسکیموں کے متعلق اجلاس کریں اور جاری ترقیاتی اسکیموں کی خود مانیٹرنگ کریں اور کام کو معیاری بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میں خود بھی ا چانک دورے کرونگااور کوئی شکایت ملی تو متعلقہ افسر کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔ قبل ازیں تمام متعلقہ محکموں کے انجینئروں نے جاری ترقیاتی اسکیموں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ روڈاور اسکولوں کی مرمت کرنے کیلئے گذشتہ 3سالوں سے فنڈ جاری نہ ہونے کی وجہ سے کام التواء کا شکار ہیں اس لئے فنڈ جاری کروائے جائیں ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ میرپورخاص ضلع میں 266مختلف اسکیمیں جاری ہیں جن پر 56فیصد کام ہوچکا ہے اسکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 600ملین روپے درکار ہیں ۔کنسلٹنٹ میرپورخاص میڈیکل کالج نے بتایا کہ مذکورہ کالج کی تعمیر کا تخمینہ لاگت 2049.13ملین روپے ہے جس میں سے سال 2013سے اب تک 197ملین روپے جاری ہوئے ہیں اور اسکیم کو مکمل کرنے کیلئے مزیدفنڈز درکار ہے اور کہا کہ یہ سکیم دسمبر 2015تک مکمل کرنے کا ہدف ہے ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ مخدوم عقیل الزماں، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف جمیل، ایکسین ہائی ویزنظیر احمد پلیجو، ایکسین روڈز پروونشل ہائی وے منصورمیمن،ایکسین ورکس اینڈ سروسز فریدالدین صدیقی، ایکسین پروونشل بلڈنگ تسنیم رضا،سپرنٹنڈنٹ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید زاہد حسین شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس ارشد آرائیں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میرپورخاص کے مانیٹرنگ افسر سلیم علی اور متعلقہ محکموں کے انجینئرز موجود تھے۔