موبی لنک نے اعلیٰ سماجی خدمات پر شوکت خانم فاؤنڈیشن کی جانب سے مسلسل تیسرا سالانہ اعزاز جیت لیا

جمعہ 30 جنوری 2015 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) موبی لنک کی اعلیٰ سماجی خدمات کے اعتراف میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹرنے مسلسل تیسرے سال بھی موبی لنک کو سماجی ذمہ داری کا اعزاز پیش کیا ہے، اور ہسپتال کو بہترین معاونت فراہم کرنے کے جذبے کو سراہا۔ سال 2014میں کینسر ہسپتال کی معاونت کرنے والے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ نے حال ہی میں ایک اعزازی تقریب کا اہتمام کیا۔

پاکستان کی مواصلاتی صنعت میں سرفہرست ادارہ ہونے کے ناتے، موبی لنک نے سماجی اور فلاحی کاموں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ان پرخلوص اقدامات کو معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اور دیگر کاروباری ادارے بھی سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر مائل ہوتے ہیں، تاکہ بنیادی سہولیات سے محروم اور مصیبت زدہ طبقات کی زندگی کو بہتر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ماضی میں بھی ، موبی لنک فاؤنڈیشن نے وسیع پیمانے پر جو سماجی اقدامات اور فلاحی پروگرام مکمل کئے ہیں، ان کے ذریعے ملک بھر میں عوامی سطح پر صحت، تعلیم، اور ماحولیاتی تحفّظ ، کی بہتری کے علاوہ قدرتی آفات سے بحالی میں بے حد مدد ملی ۔موبی لنک کے چیف کمرشل آفیسربلال منیر شیخ نے اس اعلیٰ سماجی اعزاز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ؛ موبی لنک کی سماجی بہبود کی پالیسی میں انسانی ہمدردی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

موبی لنک تسلسل کے ساتھ پاکستان کے وسیع ترین فلاحی پروگراموں کا انعقاد اور کامیاب تکمیل کرتا رہا ہے، اور ان اقدامات میں مکمل شفّافیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ موبی لنک پاکستان بھر میں ، شوکت خانم ہسپتال جیسے اعلیٰ ترین فلاحی اداروں کو مالّی معاونت کے علاوہ رضاکارانہ امداد بھی پیش کرتا رہے گا۔ اس تقریب کے موقع پر شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر فیصل سلطان نے گذشتہ کئی سالوں کے دوران موبی لنک کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ؛ شوکت خانم ٹرسٹ نے لاہور کے بعد اب پشاور میں بھی ایک نئے کینسر ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔

ہمارے ان اقدامات کی کامیابی میں موبی لنک اور دیگر مخیّر اداروں کا بنیادی کردار رہا ہے، جو انسانی جان کی قدر کرتے ہیں۔ ایسے اداروں کی مدد سے ہم اپنے 75فیصد مریضوں کو ، تقریباً 20سال سے، کینسر کے مفت علاج کی جدید ترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔