آصف علی زرداری کی شکار پور میں امام بارگاہ پر حملے کی شدید مذمت،

نمازیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ، صدمہ پہنچا، دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیپلز پارٹی کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا، سابق صدر

جمعہ 30 جنوری 2015 19:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ کے شہر شکارپور میں ایک امام بارگاہ پر غیرانسانی اور بہیمانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں افراد شہید اور کئی ہوئے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ انہیں امام بارگاہ میں نمازیوں کے جاں بحق ہونے سے شدید دکھ اور صدمہ پہنچا ہے اور یہ حملہ دہشتگردوں کے مذموم ذہنیت کی غمازی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشگردی اور عسکریت پسندی کا کوئی بھی واقعہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اس عزم کو کمزور نہیں کر سکتاکہ دہشتگردوں کو شکست فاش دی جائے گی۔ آصف علی زرداری نے سندھ کے وزیراعلیٰ، سندھ حکومت اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں اور ان کی بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے اس سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کی ارواح کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی صحتیابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعابھی کی۔