مغرب آزادی اظہار کے نام پر نبی مکرمﷺ کی حرمت کو پامال کر رہا ہے، مفتی محمد یوسف طیبی

جمعہ 30 جنوری 2015 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی نے کہا ہے کہ مغرب آزادی اظہار کے نام پر نبی مکرمﷺ کی حرمت کو پامال کر رہا ہے۔ مغربی اقوام کا دہرا معیار عالم اسلام کے لیے ناقابل قبول ہے۔ محدثین اور آئمہ کرام اس بات پر متفق ہیں کہ توہین رسالت کی سزا موت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نماز جمعہ کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

مفتی یوسف طیبی نے کہا کہ گستاخ رسول اپنے حالیہ اقدام سے بڑی دہشت گردی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر میڈیا کے مذہب کے خلاف غلط استعمال کو بھی دہشت گردی قرار دیا جائے۔ عالمی سطح پر توہین رسالت کی سزا مقرر کروانے کے لیے پاکستان اپناکردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میانہ روی کا درس دیتا ہے۔ فتنوں کے خاتمے کے لیے عوام اور حکمرانوں کو انتہائی احتیاط سے قدم رکھنا ہوگا۔ فرقہ وارانہ و لسانی جھگڑیں انسانوں کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ مظلوم مسلمانوں کے درد کو اپنا درد سمجھنے سے ہی خدمت انسانیت کا جذبہ پروان چڑھے گا۔