وزیراعظم کے دورہ کراچی کے موقع پر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ کا احتجاج

جمعہ 30 جنوری 2015 19:25

وزیراعظم کے دورہ کراچی کے موقع پر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) وزیراعظم کے دورہ کراچی کے موقع پر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے پولیس افسر اور گینگ وار کے ہاتھوں قتل ہونے والے 3افراد کے اہل خانہ انصاف کے حصول کے لیے گورنر ہاوٴس کے باہر پہنچ گئے اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم گورنرہاوٴس میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے کہ اسی دوران گورنر ہاوٴس کے باہر بریگیڈ تھانے کی حدود میں 14نومبر 2014کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے پولیس کے اے ایس آئی ارشد تنولی کے والدین اور لیاری سے تعلق رکھنے والی سعیدہ سربازی انصاف کے حصول کے لیے فوارہ چوک پہنچ گئے ۔

ان دونوں متاثرہ خاندانوں نے گورنر ہاوٴس کے نزدیک جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کو روک دیا ۔

(جاری ہے)

شہید پولیس اہلکار کے والد جمعہ خان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا امن کی خاطر شہید ہوا ہے ۔ہمیں معاوضہ نہیں اپنے بیٹے کے قاتل چاہئیں ۔ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں ارشد تنولی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے ان کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے ۔جبکہ لیاری کی متاثرہ خاتون سعیدہ سربازی کا کہنا ہے کہ گینگ وار نے ان کے خاندان کے تین افراد شہید کردیئے ہیں ۔وزیراعظم لیاری سے گینگ وار کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کریں اور گینگ وار سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو سرعام پھانسی دی جائے ۔