شکارپور بم دھماکے کی واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ملوث دہشتگردوں کیخلاف بھرپور قانونی کاروائی کی جائے، اسداللہ بھٹو/ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

جمعہ 30 جنوری 2015 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء)نائب امیرجماعت اسلامی اسداللہ بھٹو، سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے شکارپور میں امام بارگاہ پر ہونے والے بم دہماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے،واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس انسانیت سوز واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ملوث دہشتگردوں کیخلاف بھرپور قانونی کاروائی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکارپور میں مسلسل دہشتگردی اور بم دھماکوں کی وارداتیں پہلے بھی ہوچکی ہیں جن میں سابق صوبائی وزیر ابراہیم جتوئی کے قافلے پر حملہ اور سید حاجن شاہ کی درگاہ پر بم دھماکہ شامل ہیں لیکن ان واقعات کی آج تک رپورٹ عوام کے سامنے نہیں آسکی ہے اور نہ ہی ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کیا جاسکا ہے۔

(جاری ہے)

اگر سابقہ واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کیا جاتا تو شاید حالیہ افسوس ناک واقعہ رونما نہ ہوتا۔

ایک جانب حکومتی کی طرف سے ملک میں دہشتگردی کیخلاف حالت جنگ اور ہائی الرٹ کا اعلان ہے جبکہ دوسری طرف سیکورٹی ادارے اور سندھ پولیس وی آئی پی موومنٹ کی حفاظت پر مامور ہیں۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے ورثاء کیلئے معاوضہ جات کااعلان اور زخمیوں کا سرکاری خرچے پر اعلاج کا اعلان کیا جائے،ایسے اقدامات کئے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔