روزانہ کی بنیاد پربیدردی سے انسانی جانوں کا ضیاع حکومت ،سیکورٹی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،علی زیدی

جمعہ 30 جنوری 2015 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی اور جنرل سیکرٹری کراچی ریجن عزیز خان آفریدی نے اپنے مشترکہ بیان میں آج شکار پور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پربیدردی سے انسانی جانوں کا ضیاع حکومت اور سیکورٹی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

آج عوام دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں ، کوئی عبادت گاہ اور تعلیمی ادارے ان کی بربریت سے محفوظ نہیں ۔ ہمیں بتایا جائے کہ اس صورتحال میں عوام کس طرح اپنے جان و مال کی حفاظت کرے ۔ اس تمام نقصان کا ذمہ دار کون ہے ، پچھلے ایک دہائی سے قوم اس صورتحال کا شکار ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، ایسی حکومت اور سیکورٹی ادارے جو عوام کو سیکورٹی اور سہولیات فراہم نہ کرسکیں تو ان کو خود اپنی نااہلی تسلیم کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے۔