حکومت سندھ شکارپورواقعہ کی ذمہ دارہے، عوام آج سانحہ کے سوگ میں اپنے کاروبار بند رکھیں،مرزا یوسف حسین

جمعہ 30 جنوری 2015 20:57

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت سانحہ شکار پور پر منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران مولانا مرزا یوسف حسین نے کہا کہ اس دردناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،حکومت سندھ اس واقعہ کی ذمہ دارہے۔

(جاری ہے)

عوام ہفتے کو اس سانحہ کے سوگ میں اپنے کاروبار بند رکھیں، کیونکہ اتنے بڑے پیمانے پر ہونیوالی قتل و غارت گیری پوری پاکستانی قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے اور کالعدم جماعتوں کو کھلی چھٹی دیدی گئی ہے جو آزادی کیساتھ ملت جعفریہ کو نشانہ بنا رہی ہے ،اجتماع سے علامہ اظہر حسین نقوی،صغیر عابد رضوی،سید علی اوسط،سہیل مرزا ،رضی حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ عوام کی جانوں سے کھیلنے والوں کا محاسبہ کریں بصورت دیگر ملک گیر سطح کا احتجاج اور وزیر اعلیٰ ہاوٴس کا گھیراوٴ کیا جائیگا،انہوں نے افواج پاکستان سے کہا کہ وہ سندھ میں بھی آپریشن ضرب عضب شروع کریں تاکہ انسانیت کا خون بہانے والوں کا قلع قمع ہوسکے،انہوں نے زخمیوں کی صحتیابی اور شہداء کیلئے دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :