میاں منظور احمد وٹو سے مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کی ملاقات، شکار پور دھماکے کی مذمت،

پیپلز پارٹی شروع دن سے ہی دہشتگردوں کیخلاف طاقت کے استعمال سے شکست دینے کے حق میں رہی ہے ‘ صدر پی پی پنجاب

جمعہ 30 جنوری 2015 21:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو سے مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے پارٹی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی جس میں انہوں نے شکارپور میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ دہشتگردی کے حملے قوم کے حوصلے پست کرنے کی بجائے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اور زیادہ مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی شروع دن سے ہی ان دہشتگردوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے شکست دینے کے حق میں رہی ہے کیونکہ انکا مائنڈ سیٹ شائستگی اور دلیل سے عاری ہے اور بربریت کا دلدادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشتگردی کی بری طرح شکار ہوئی ہے کیونکہ بینظیر بھٹو اور سینکڑوں کارکن اسکے ہاتھوں شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشتگردی کے تمام مظاہر کے خلاف ہے۔ انہوں نے شیعہ کمیونٹی کے خلاف انتہاء پسندوں کی دہشتگردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ تو اسلام اور پاکستان کے لیے کلنک کا ٹیکہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین اور پیپلزپارٹی انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ موقف رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ایک لبرل، پروگریسو اور جمہوری پارٹی ہے جو تمام شہریوں کے بغیر رنگ و نسل اور عقائد کے برابر کے حقوق میں ایمان کی حد تک یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیعہ کمیونٹی اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں اور وہ پاکستان کے مختلف لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اس کی اہمیت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ وہ دوبارہ جلد ہی انکے ہاں ملاقات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ علامہ صاحب کی چےئرمین بلاول بھٹو اور کوچےئرمین آصف علی زرداری سے جلد ملاقات کا اہتمام بھی کریں گے۔

علامہ امین شہیدی نے میاں منظور احمد وٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ کمیونٹی پیپلز پارٹی کو اپنی پارٹی سمجھتی ہے کیونکہ اسکا سیاسی فلسفہ ہر قسم کے امتیازی سلوک کے مخالف ہے اور تمام شہریوں کے بغیر رنگ و نسل اور عقائد پر برابر کے حقوق پر ایمان کی حد تک یقین رکھتی ہے جیسا کہ آئین پاکستان میں درج ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی شیعہ کمیونٹی کی حقیقی معنوں میں نمائندہ جماعت ہے کیونکہ پیپلز پارٹی معاشرے کی تعمیر ترقی پر امن بقائے باہمی کے رہنما اصول کے مطابق چاہتی ہے۔

علامہ شہیدی نے کہا کہ ملک کی تمام ترقی پسند جماعتوں کو دہشتگردوں کو شکست دینے کے لیے اکٹھے ہو جانا چاہیے اور متنبہ کیا کہ اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو انکو مستقبل میں ایسے خوفناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جنکا انہوں نے ابھی تک مشاہدہ نہیں کیا ہے۔ اس موقع پر ندیم افضل چن، پولیٹیکل ایڈوائزر ٹو کو چےئرمین، سہیل ملک،سینےئر نائب صدر پنجاب، رانا گل ناصر، منظور مانیکا اور مولانا یوسف اعوان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :