خیبر ایجنسی ذخہ خیل آفریدی قوم کے مشران کا ٹوکن کے باوجود راشن نہ ملنے ،پولیس کے نا روا روےئے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 30 جنوری 2015 22:18

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) خیبر ایجنسی ذخہ خیل آفریدی قوم کے مشران نے ٹوکن کے باوجود راشن نہ ملنے اور پولیس کے نا روا روےئے کے خلاف گزشتہ روز پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت محمد ایوب اور یاد ولی کر رہے تھے ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ انکے پاس ٹوکن اور راشن کارڈ موجود ہوتے ہیں مگر اس کے باوجود بھی وہ اپنے حق سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ تیس دن کے اندر اندر ان کو راشن دیا جائے گا بد قسمتی سے وہ تاحال اس حق سے محروم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس انتظامیہ ان سے رشوت لیکر کیمپ کے اندر جانے کی اجازت دیتے ہیں جس کے باعث ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئی ڈی پیز کے کیمپوں میں پولیس تعینات کرنے کی بجائے لیوری فورس تعینات کئے جائیں الگ الگ راشن کیمپس بنائے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :