اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے بلدیاتی نظام کا ہونا ضروری ہے‘میاں مقصوداحمد،

بلوچستان حکومت نے بلدیاتی انتخاب مکمل کرواکر بڑے صوبوں کو مثبت پیغام دیا ہے‘امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعہ 30 جنوری 2015 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ا قتدار کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے بلدیاتی نظام کا ہونا بہت ضروری ہے لیکن بد قسمتی سے جمہوری حکومتیں ہی اس نظام سے پہلو تہی برتتی رہی ہیں ،بلوچستان حکومت نے بلدیاتی انتخابات مکمل کر وا کر بڑے صوبوں کو مثبت پیغام دیا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں تاحال بلدیاتی انتخابات کی یقینی تواریخ کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام حکومتیں اپنے اپنے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی یقینی تاریخوں کافی الفور اعلان کریں۔ بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا عوام کو ان کے بنیادی اور جمہوری حقوق سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ چھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہونا ایک جمہوری حکومت کے لیے باعث صدافسوس اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

اقتدار میں موجود یہی جماعتیں جب اپوزیشن میں ہوتی ہیں تو انتخابات ،عوام کے حقوق اورجمہوریت کے بلند بانگ نعرے لگاتے نہیں تھکتی لیکن مسند اقتدار پر بیٹھنے کے بعد سب کچھ بھول جاتی ہیں۔ ان جماعتوں کی ملی بھگت سے ہی بلدیاتی انتخابات کو مسلسل التوا کا شکار کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو پے درپے ترامیم اور آرڈیننس کے ذریعے مشکل اورپیچیدہ بناکر انتخابات کے بروقت انعقاد کو مشکوک اور تاخیر کا شکار بنایاجارہا ہے۔

پنجاب حکومت نے اپنے من پسند افراد کو نوازنے کیلئے کئی طرح کی ترامیم کا سہار الیا اور دانستہ یہ کوشش کی کہ عام افراد کو کس طرح انتخابات سے دور رکھا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات کوالتوا میں ڈالنے کی بجائے بلدیاتی نظام کی خامیوں کو دور کرنے کی طرف توجہ دی جائے اور صرف اپنے افراد کوہی انتخابات میں کامیابی دلوانے کے لئے کی گئی ترامیم ،حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کے حوالے سے اعتراضات کو دور کیا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے تاکہ حلقہ بندیوں کے نتاظر میں اُٹھنے والا کوئی معاملہ بلدیاتی انتخابا ت کے انعقاد میں خلل نہ ڈال سکے اس طرح عوام کا بلدیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق دیرنیہ مطالبہ بھی پورا ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :