پیپلز پارٹی ضلع ٹنڈومحمدخان کی جانب سے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی حمایت میں ریلی نکالی گئی

جمعہ 30 جنوری 2015 23:23

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 جنوری 2015ء) پیپلز پارٹی ضلع ٹنڈومحمدخان کی جانب سے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی حمایت میں ریلوے اسٹیشن سے ڈی سی آفس تک ضلعی صدر حاجی امین لاکھو کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ ، بینر اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے ، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر حاجی امین لاکھو ، معشوق بھٹی ، عبدالحکیم دستی ، عبدالکریم سومرو ، ڈاکٹر ایوب جت ، ارشاد میمن ، شکور ترک ، بچل لغاری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت کیخلاف ایک پلاننگ کے تحت سازش کی جارہی ہے اور حکومت کو ناکام بنانے کیلئے مختلف ہتھ کنڈے استعمال کئے جارہے ہیں ،سندھ کے عوام آج بھی پیپلز پارٹی کیساتھ ہیں ،وزیر اعلی سندھ اور ان کی کابینہ کیخلاف ہونیوالے ہر سازش کو ناکام بنادیں گے ، انہوں نے کہاکہ ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی نے اپنے اپنے دور اقتدار میں سندھ کی عوام کیساتھ بڑی ناانصافیاں کیں اور ان کے کوئی بھی مسائل حل نہیں کئے گئے ، سندھ کی عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے ، انہوں نے کہاکہ ہمیں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور ان کیخلاف کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کریں گے ۔