صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے اور ملک کی تیزرفتار ترقی کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے، راشدہ یعقوب شیخ

ہفتہ 31 جنوری 2015 12:22

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء )پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہاہے کہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے اور ملک کی تیزرفتار ترقی کے لئے توانائی بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے-وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت توانائی بحران کے جلد خاتمے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے- اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ توانائی کی کمی کے مسئلے نے تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر سماجی شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے- توانائی بحران کے خاتمے کیلئے حکومت کی مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی او رملک کو توانائی کی قلت کے مسئلے سے نجات ملے گی- انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں ایل این جی پارک کے قیام کی منصوبہ بندی کی ہے جس سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی- پنجاب حکومت کوئلے ، ہائیڈل، سولر، بائیو ماس، بائیوگیس اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کررہی ہے- قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کا سولر منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے -پنجاب حکومت100میگاواٹ کا یہ سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگا رہی ہے۔