ورلڈ کپ سے قبل محمد عامر کے ایشو کو اٹھا کر ایک نیا پنڈورہ بکس کھول دیا گیا ہے ،عبدالقادر

ہفتہ 31 جنوری 2015 13:09

ورلڈ کپ سے قبل محمد عامر کے ایشو کو اٹھا کر ایک نیا پنڈورہ بکس کھول دیا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء)سابق ٹیسٹ کرکٹر لیگ اسپنر عبدالقادر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل محمد عامر کے ایشو کو اٹھا کر ایک نیا پنڈورہ بکس کھول دیا گیا ہے ، اسپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عامر کو رعایت دیکر محمد آصف ، سلمان بٹ اور دانش کنیریا کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے ، یا تو سب کو معاف کردیا جاتا یا سب کی سزا برقرار رہتی جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے حق میں جو پابندی ختم کرنے کے لئے فیصلہ کروایا ہے ان کو چاہیے کہ وہ محمد عامر کو صرف فسٹ کلاس کرکٹ تک محدود رکھیں۔

اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے کہا کہ آئی سی سی کے کرپشن یونٹ نے اب تک کتنے کیس پکڑے ہیں اور کتنے لوگوں کو سزائیں دی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بیٹھے لوگ نااہل ہیں جو آئی سی سی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی لوگ کرپشن میں ملوث تھے ان کو کون سی سزائیں دی گئی ان کے ساتھ کیاکیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے محمد عامر کا ایشو اٹھانا مناسب نہیں تھا اس سے ایک نیا پنڈورا بکس کھل گیا اور اگر پاکستان ورلڈ کپ میں ہار گیا تو اس پر انگلیاں اٹھیں گی اور کئی سوالات جنم لینگے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء سے گفتگو کرت ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے حق میں جو پابندی ختم کرنے کے لئے فیصلہ کروایا ہے ان کو چاہیے کہ وہ محمد عامر کو صرف فسٹ کلاس کرکٹ تک محدود رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ محمد عامر کو انٹرنیشنل سطح پر ٹیم سے باہر رکھا جائے اور ان کو ٹیم میں شامل نہ کیا جائے اور صرف فسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے انہوں نے کہا کہ عامر پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوگئے تھے اور اس نے برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی ہے اور اس کے ماضی کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے عامر کو صرف فسٹ کلاس تک کھیلنے کی اجازت دی جائے