مقبول بٹ شہید کے ادھورے مشن خود مختار و خوشحال اور استحصال سے پاک ریاست جموں کشمیر کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی، ڈاکٹر توقیر گیلانی

ہفتہ 31 جنوری 2015 13:18

کوٹلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) مقبول بٹ شہید کے ادھورے مشن خود مختار و خوشحال اور استحصال سے پاک ریاست جموں کشمیر کے قیام تک جدوجہد جار ی رہے گی۔چودھری مجید کی حکومت آزاد کشمیر کی تاریخ کی بدترین حکومت ہے۔میرپور ڈویژن میں اقربا پروری، کرپشن اور میرٹ کی پامالی کی انتہا کر دی گئی۔ تمام نوکریاں چورے چھپے صرف دو برادریوں میں بانٹی جا رہی ہیں۔

آزاد کشمیر میں اطلاعات اور معلومات تک رسائی کا قانون نہ ہونے کے باعث حکمران بے خوفی سے کرپشن میں مصروف ہیں۔تعمیر و ترقی کے جعلی دعوے کرنے والی حکومت عوام کو بنیادی ضروریاتِ زندگی تک فراہم نہیں کر سکی۔مجیداینڈ کمپنی آزاد کشمیر میں انارکی اور انتشار پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔نوجوان بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آکر ریاست چھوڑنے پرمجبورہیں۔

(جاری ہے)

خودمختار کشمیر کی جدوجہد ہی عوام کو چوروں اور کرپشن کے بادشاہوں سے نجات دلا سکتی ہے۔ لبریشن فرنٹ سٹی کوٹلی کی استقبالیہ تقریب سے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، اظہر ملک، لیاقت ملک، حبیب ہاشمی، راجہ اشفاق، دلشاد قریشی، اقبال کشمیری اور دیگر کا خطاب۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے نام نہاد حکمران ریاستی تاریخ کی بدترین کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف ہیں۔

آزاد کشمیر بھر میں بے روزگاری عروج پر ہے اور چودھری مجید کی حکومت کے بے لگام وزراء اپنے اپنے قبیلے اور برادریوں سے باہر دیکھنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔وہ یہاں مقامی ہوٹل میں لبریشن فرنٹ سٹی کوٹلی کی طرف سے نئے یونٹوں کے عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں کرپشن اور اقربا پروری کی انتہا کر دی گئی ہے۔

چوری چھپے تمام نوکریاں صرف دو برادریوں میں بانٹی جا رہی ہیں اور دیگر قبائل کے نوجوانوں کو ریاست چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں بجلی کاشدید بحران ہے لیکن بجلی کے جعلی اور بوگس بلات کے نام پر غریب عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ڈاکٹر توقیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اطلاعات اور معلومات تک رسائی کا قانون نہ ہونے کے باعث حکمران بے خوفی سے کرپشن میں مصروف ہیں۔

ہر بڑے منصوبے میں وزراء کی کرپشن کے چرچے زبان زدِ عام ہیں جبکہ شہروں میں موجود سرکاری پلاٹوں سے لیکر جنگلات، خالصہ سرکار، شاملاٹ حتی کہ دریا تک حکمرانوں اور انکے حواریوں کی ہوسِ زر و زمین کا نشانہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی صحافی حکمرانوں کی کرپشن منظر عام پر لانے کی جرات کرتا ہے تو اُسے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور ہتکِ عزت کا نام نہاد قانون لانے کی باتیں کی جاتی ہیں۔

ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ اقتدار پرستوں نے اپنی اور اپنی اولادوں کی تجوریاں بھرنے کیلئے جدوجہدِ آزادی سمیت ریاست کی ہر چیز کو برائے فروخت رکھا ہوا ہے اور اسلام آباد میں بیٹھے اپنے آقاؤں کی خوشنودی کیلئے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جعلی حکمرانوں اور کرپشن کے بادشاہوں سے نجات کا واحد راستہ قومی آزادی کی جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے کارکنان شہیدِ کشمیر مقبول بٹ کے ادھورے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کو تیزی سے آگے بڑھائیں اور غیر ملکی ایجنٹ حکمرانوں کی بد اعمالیوں کے خلاف قوم کو متحد کریں۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے زونل نائب صدر اظہر ملک، ضلعی آرگنائزر راجہ اشفاق، حبیب انور ہاشمی اور دیگر نے کہا کہ ۱۱ فروری مقبول بٹ شہید کے یوم ِ شہادت کے حوالے سے ریاست بھر میں لبریشن فرنٹ کے کارکنان پرجوش ہیں اور مقبول بٹ کے یومِ شہادت کو اس عزم کی تجدید کے طور پر منائیں گے کہ ریاست سے غیر ملکی تسلط کے خاتمے اور خودمختار، خوشحال اور استحصال سے پاک ریاست جموں کشمیر کے قیام کیلئے جدوجہد کو تیز تر کریں گے۔

لبریشن فرنٹ کے راہنماؤں نے قائدِ تحریک امان اللہ خان اور چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یٰسین ملک کی جدوجہد کو زبردستِ خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائدین کے شانہ بشانہ قومی آزادی کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے اور غیر ملکی دلالوں کیلئے ریاست کی سرزمین تنگ کر دیں گے۔لبریشن فرنٹ کے راہنماؤں نے تمام کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ۱۱ فروری کے حوالے سے اپنی تیاریاں تیز کریں اور آزاد کشمیر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے عوام کو منظم کریں۔ استقبالیہ تقریب سے لیاقت ملک،اسلم ملک،شبیر چودھری، دلشاد قریشی، رقیب راجہ، اقبال کشمیری، عمران کھوکھر، ارشد خورشید، نبیل انجم ملک، قاسم کشمیری، ثاقب چودھری،بلال ملک، حسنین علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :