پاکستان کی فضائی حدود بالکل محفوظ ہیں روزانہ چھ سو بین الاقوامی پروازیں ان حدود سے گزرتی ہیں۔: مشیر ہوا بازی

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے ’ہوا بازی‘ شجاعت عظیم نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر محفوظ ہیں اور اْن کے بقول روزانہ چھ سو بین الاقوامی پروازیں ان حدود سے گزرتی ہیں۔اْنھوں نے یہ بیان یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی طرف سے اْس حالیہ انتباہ کے ردعمل میں دیا جس میں کہا گیا کہ بین الاقوامی فضائی کمپنیاں پاکستان کی حدود سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔

شجاعت عظیم نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اْن کی فرانسیسی عہدیداروں سے بات ہوئی ہے اور اْن کے بقول یہ انتباہ نا صرف کئی ماہ پرانا ہے بلکہ یہ صرف پاکستان کے لیے ہی نہیں جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ”ہماری فضائی حدود محفوظ ہیں، یہ ایک معمول کی بات ہے جس کا تعلق صرف پاکستان سے نہیں ہے، انھوں نے صرف محتاط رہنے کی ہدایت کی تھی اور اس میں چھ سے آٹھ ملکوں کے نام ہیں۔

(جاری ہے)

“یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی طرف سے انتباہ میں فضائی کمپنیوں سے کہا گیا تھا کہ وہ پاکستان کی فضائی حدود سے پرواز کرتے ہوئے 24 ہزار فٹ سے کم بلندی پر پرواز نا کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی کے ہوائی اڈے پر دہشت گردوں کے مہلک حملے کے بعد پاکستان میں ہوائی اڈوں کے محفوظ ہونے سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے۔

'پی آئی اے' کے طیارے پر فائرنگ کے بعد ایمرٹیس سمیت تین بین الاقوامی فضائی کمپنوں نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر پشاور کے لیے اپنی پروازیں ایک ماہ کے لیے معطل کر دی تھیں۔ دوسری دو فضائی کمپنیاں اتحاد اور سعودی ایئرلائنز تھیں۔تاہم سول ایوی ایشن کے حکام کے مطابق نا صرف تمام ہوائی اڈوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے بلکہ اْن کے قریب آبادی والے علاقوں کو بھی محفوظ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :