باغبا ن پودوں کے نیچے ہلکی گوڈی کریں ریاض احمد

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء)ریاض احمد نائب ماہر حشرات ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے بتایا ہے کہ فروری میں موسم صاف ہونے اور دھوپ لگنے سے امریکن اور گلابی سنڈیاں کے انڈوں سے بچے نکلنے شروع ہوجائیں گے ، آم کی گدھیڑی ، کپاس کی گدھیڑی ، ڈسکی کاٹن بگ ، ریڈ کاٹن، امریکن اور گلابی سنڈیاں اس وقت سردیوں کا موسم سرمائی نیند میں گزاررہی ہیں۔

فروری میں موسم صاف ہونے اور دھوپ لگنے سے آم کی گدھیڑی کے انڈے آم کے درختوں کے چھلکوں کی اندرونی سطح ، گرے ہوے پتوں ،بچے کچھے تنکوں کے ڈھیر کے نیچے اور زمین کی دراڑوں میں سے انڈوں سے بچے نکلنے شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے باغبانوں کو سفارش کی ہے کہ وہ پودوں کے نیچے ہلکی گوڈی کریں اس عمل سے انڈے باہر آجائیں گے جنہیں پرندے کھالیں گے۔

(جاری ہے)

گھروں میں آم کے جن پودوں پر گزشتہ سال گدھیڑی کا حملہ موجود تھا ان دیواروں کے باہر دراڑوں کی صفائی کریں اس طرح گدھیڑی کے انڈے کورے اور سردی سے تلف ہوجائیں گے ۔

مزید برآں دیواروں کی مٹی پر اور پودوں کے نیچے تنے کے ارد گرد کوپیکس زہر کا دھوڑا کرنے سے بھی بچے تلف ہوجائیں گے۔ دس دن کے وقفے سے پروفینوفاس زہر بحساب 800ملی لٹر فی 100لٹر پانی میں ملا کر دو دفعہ سپرے کریں۔ آم کی گدھیڑی کو پودوں پرچڑھنے سے روکنے کے لیے تنوں پر دو سے تین فٹ اونچائی پر پلاسٹک کے بند لگادیں۔ کپاس کے خالی کھیتوں اورچھڑیوں کے ڈھیروں کے نیچے موجود خشک پتوں، ٹینڈوں ،کھوکھڑیوں اورزمین کی دراڑوں میں ڈسکی کاٹن بگ اورکپاس کے ڈبل بیج میں گلابی سنڈی موجود ہے۔

ایندھن کے لیے رکھی ہوئی کپاس کی چھڑیوں کو فروری کے وسط تک جلا کر ختم کردیں اورخالی کھیتوں میں روٹا ویٹر چلا کر ان کیڑوں کو تلف کریں۔ جننگ فیکٹریوں کے بچے کھچے مواد کو جلایں یا گہرا دفن کریں ۔ کپاس کے علاقوں میں درختوں اور جڑی بوٹیوں کے چوڑے پتوں کی سرنگوں میں ڈسکی بگ موجود ہے ۔درختوں کی چھنگائی کریں اورکھیت کی وٹوں اور کھال کناروں پر موجود جڑی بوٹیوں کو تلف کریں ۔درختوں پر امیڈا کلوپرڈ 200ایس ایل بحساب 200لٹر فی 100 لٹر پانی میں ملا کر سپرے کرنے سے بھی ڈسکی بگ تلف ہوجائے گا۔آئندہ کاشت ہونے والی فصلیں ان نقصان رساں کیڑوں کے حملوں سے محفوظ ہو جائیں گی۔سپرے کم ہونے کی وجہ سے ان فصلوں پرہونے والے خرچہ کی بھی بچت ہوگی۔