آزادکشمیر کی تعمیروترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں پرائیویٹ سیکٹر کا کردار حوصلہ افزاء اور شاندار ہے، چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 31 جنوری 2015 14:55

میرپور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ آزادکشمیر کی تعمیروترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں پرائیویٹ سیکٹر کا کردار حوصلہ افزاء اور شاندار ہے سیاحت کے فروغ میں معیاری ہوٹلنگ کی سہولیات کو سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے میں ہمیشہ اہم حیثیت حاصل ہوتی ہے ۔ موسم سرما میں سیاحت کے لیے میرپور آئیڈیل مقام ہے وزیراعظم آزادکشمیر پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق امید وار آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی معروف بزنس مین امین چغتائی کے نئے ہوٹل اور شاپنگ مال کے افتتاح کے بعد گفتگو کررہے تھے۔

امین چغتائی کے پلازے کی افتتاحی تقریب میں آزادکشمیرکے وزیرصنعت وتجارت چوہدری اکبرابراہیم، مشیروزیراعظم شوکت راجہ ایڈووکیٹ، وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر سید اعزادار شاہ کاظمی، ڈپٹی کمشنرچوہدری محمدطارق، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری امجداقبال، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ڈڈیال خواجہ نذیر، بشیرچغتائی، وزیر اعظم کے سابق پریس سیکرٹری ظفر مغل ، انجمن تاجراں کے خالد رتیال ،شہربھرکے کاروباری حضرات، معززین علاقہ اور اوورسیز کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعظم جب شاپنگ پلازہ کا افتتاح کرنے کے لیے آئے تو ان کا والہانہ استقبال کیاگیا ۔ وزیراعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکی گئیں اور انھیں ہارپہنائے گئے۔ وزیراعظم نے شاپنگ پلازہ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پرشاپنگ مال کے مالک امین چغتائی نے وزیراعظم کو دور جدید سے ہم آہنگ شاپنگ مال میں تجارتی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا ۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزادکشمیرمیں پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے سیاحت اور پن بجلی کے شعبہ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری آزادحکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا نتیجہ اور ان پر اظہار اعتماد ہے ۔

انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اپنے ساڑھے تین سالہ دورحکومت میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جس کے نتیجہ میں دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبہ میں بھی سرمایہ کاری میں اربوں روپے کا اضافہ ہواہے جس سے آزادخطہ کے اندر روزگار کے نئے مواقع پیداہوئے ہیں اور معاشی سرگرمیاں بھی بڑھی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اس وقت میرپورمیں بزنس کے لیے مکمل مقابلے کی فضا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو بہتراشیاء اور خدمات میسر آرہی ہیں۔

وزیراعظم نے اوورسیز کشمیریز پر زوردیا کہ وہ میرپورکے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کے دیگرشہروں راولاکوٹ، کوٹلی ، آٹھمقام، باغ میں بھی سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کریں حکومت انھیں مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی آزادکشمیر کی تعمیروترقی میں خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں یہاں مکمل ہونے والے میگاترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل سے خطہ معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائیگا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کو امین چغتائی نے اس موقع پر چغتائی شاپنگ مال میں تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی