بیرونی قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے کیلئے سرگرم ہوچکی ہیں‘ جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 31 جنوری 2015 15:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جنوری 2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی و امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرسیدوسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے شکارپور میں دہشتگردی کے واقعے میں58افراد کے جاں بحق ہونے پر شدید غم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔

استعماری قوتیں ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کروانے کے لئے سرگرم ہوچکی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی وعسکری قیادت دانشمندانہ فیصلے کریں۔وطن عزیز میں اس وقت آگ وخون کاکھیل جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی مشرف اور پیپلز پارٹی کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔بیرونی قوتیں پاکستان کاامن تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے سیکرٹری دفاع جنرل(ر)عالم خٹک کے ملک میں بھارتی مداخلت کے حوالے سے انکشاف اور امریکہ کو ٹھوس ثبوت دینے سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان دشمن طاقتیں یہاں کسی بھی صورت امن قائم ہوتے دیکھنانہیں چاہتیں۔

دہشت گردی کے عفریت نے قوم کو شدید اذیت میں مبتلاء کررکھاہے۔انہوں نے کہاکہ شکار پوردھماکے میں ملوث افرادکوجلد ازجلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایاجائے۔نائن الیون سے شروع کی جانے والی نام نہادجنگ پاکستان کے گلی محلوں تک پہنچ چکی ہے۔ملک میں امن وامان کے لئے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے وژن کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ قوم یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ حکومت پاکستان نے سنگین جرائم میں ملوث افراد کی پھانسیاں کیوں روک دی ہیں؟پوراملک اس وقت دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔ملکی عزت،وقار،بقاء اور سلامتی داؤپر لگ چکی ہے۔